راہول کا دماغ خاص ہونے کا رادھا موہن کا طنز

سمستی پور،27مارچ (سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے کانگریس کے اس منصوبے کو دھوکہ قرار دیا ہے جس میں پارٹی نے ملک کے ہر غریب خاندان کو کم از کم آمدنی کی گارنٹی دی ہے ۔ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ یہ منصوبہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے ‘خاص دماغ’ کی اپچ ہے۔ مسٹر سنگھ نے سمستی پورضلع کے اجیارپورلوک سبھا علاقے کے بتھوا میں منگل کی دیر شام نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ کانگریس صدر راہول گاندھی کا دماغ خاص ہے اس لئے وہ خاص باتیں کرتے ہیں۔انہوں نے کانگریس کی جانب سے ہر غریب خاندان کو کم از کم آمدنی کی گارنٹی کے منصوبے کے تحت 72ہزار روپے سالانہ دینے کے اعلان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے عوام کے ساتھ صرف دھوکہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام اب راہول گاندھی کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتے ۔ مرکزی وزیر نے کانگریس کو بدعنوانی کی ماں بتایا اور کہا کہ بدعنوانی کی وجہ سے ہی کانگریس صدر راہول گاندھی ،ان کی والدہ سونیا گاندھی سمیت خاندان کے دیگر اراکین آج ضمانت پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے )کی ترقی ہی اہم موضوع ہے یعنی ‘سب کا ساتھ سب کا وکاس’۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ نریندرمودی ملک کی ضرورت ہیں اور یہ عام آدمی کا جذبہ ظاہر کرتا ہے ۔