راہول کا آج کانگریس چیف منسٹروں کیساتھ غور و خوض

نئی دہلی 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی 12 کانگریس حکمرانی والی ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ کل یہاں غور و خوض کریں گے جبکہ پارٹی حالیہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد اگلے لوک سبھا چناؤ کیلئے تیاری کررہی ہے۔ یہ میٹنگ 15۔رکاب روڈ پر منعقد کی جارہی ہے جسے ’کانگریس وار روم‘بھی کہا جاتا ہے تا کہ انتخابی حکمت عملی ترتیب دی جاسکے، لوک پال اور لوک ایوکت بل کی منظوری کے تناظر میں پارٹی کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا جاسکے ۔ اس اجلاس میں قیمتوں میں اضافہ کے مسئلہ اور بڑھتی قیمتوں کو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دہلی،راجستھان ،مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات کے نتائج برآمد ہونے کے فوری بعد صدر کانگریس سونیا گاندھی نے قیمتوں میں اضافہ کو ایسے مسئلہ کے طور پر پیش کیا تھا جو ہوسکتا ہے ان ریاستوں میں پارٹی کی شکست فاش کا سبب بنا ہے ۔