راہول نے سونیا گاندھی کو وزیراعظم بننے سے روکا

نئی دہلی ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر خارجہ کے نٹورسنگھ نے آج دعویٰ کیا کہ سونیا گاندھی نے 2004 ء میں وزیراعظم بننے سے اس لئے انکار کردیا تھا کیونکہ ان کے فرزند راہول گاندھی نے شدید اعتراض کیا تھا۔ انہیں خوف تھا کہ اگر سونیا گاندھی وزیراعظم بن جاتی ہیں تو ان کا بھی حشر ان کے والد راجیو گاندھی اور دادی اندرا گاندھی کی طرح ہوجائے گا۔ 83 سالہ نٹورسنگھ گاندھی خاندان کے قریبی دوست سمجھے جاتے ہیں ،جنہوں نے عراقی غذا برائے تیل اسکام کے پیش نظر 2005 ء میں یو پی اے مرحلہ اول سے استعفیٰ دینے کے بعد 2008 ء میں کانگریس چھوڑ دیا تھا،دعویٰ کیا کہ یہ سونیا گاندھی کی مرضی نہیں تھی بلکہ انہیں وزیراعظم بننے سے روکا گیا تھا کیونکہ انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ وہ وزیراعظم کا عہدہ حاصل کریں گی۔ کرن تھاپر کے ہیڈلائین ٹوڈے کو دیئے گئے انٹرویو میں نٹورسنگھ نے دعویٰ کیا کہ صدر کانگریس نے انہیں ترغیب دی تھی کہ میں اپنی سوانح حیات میں اس واقعہ کا ذکر نہ کروں۔صدر کانگریس نے ا پنی دختر پرینکا گاندھی کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر 7 مئی کو ملاقات کی تھی لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ میں عوام کو سچ بتاؤں گا۔ اس کتاب کا نام ’’ون لائیف از ناٹ انف این آٹو بائیو گرافی‘‘ ہے ، بہت جلد اس کی رسم اجرائی عمل میں آئے گی۔