راہول میں وزیراعظم بننے کی تمام خصوصیات موجود : لالو

پٹنہ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتادل کے صدر لالو پرساد نے آج کہاکہ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی میں ملک کا وزیراعظم بننے کی تمام خصوصیات موجود ہیں اور وہ فرقہ پرست نریندر مودی سے ہر لحاظ سے بہتر ثابت ہوں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کیا اُنھوں نے کہیں فرقہ وارانہ فسادات پر اُکسایا ہے یا کسی فرقہ کے خلاف جرائم میں ملوث رہے ہیں۔ لالو پرساد نے جو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کے خواہاں ہیں کہاکہ ممکن ہے کہ اُنھیں ’’چاپلوس‘‘ قرار دیا جائے کیونکہ اُنھوں نے راہول گاندھی کی تعریف کی ہے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ اُن میں وزیراعظم بننے کی تمام خصوصیات موجود ہیں۔ یوگا گرو رام دیو کی جانب سے اُنھیں ’’کنس‘‘ قرار دینے پر لالو پرساد نے کہاکہ رام دیو آسارام کے راستے پر ہیں اور اُن کا بھی وہی حشر ہوگا۔

سونیا و راہول کے خلاف ریمارکس ‘ رام دیو کے خلاف مقدمہ
بھاگلپور ( بہار ) 16 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک کانگریس لیڈر نے یہاں یوگا گرو رام دیو اور ان کے حامیوں کے خلاف ایک مقدمہ درج کروایا ہے ۔ یہ مقدمہ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف کچھ ریمارکس کی پاداش میں درج کیا گیا ہے ۔ یہ ریمارکس انہوں نے منگل کو کئے تھے ۔ بھاگلپور ضلع کانگریس کے جنرل سکریٹری بپن بہاری یادو نے رام دیو اور ان کے یوگا سمیتی کے چار عہدیداروں کے خلاف چیف جوڈیشیکل مجسٹریٹ کی عدالت میں مقدمہ درج کروایا ہے ۔