راول اور گرانڈہوم کی نصف سنچریاں،نیوزی لینڈ286/7

ہیملٹن۔9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) شینن گیبریل (تین وکٹ) اور میگوئیل کمنس (دو وکٹ) کی بولنگ سے ویسٹ انڈیز نے دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن کے اختتام پرآج میزبان نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں 287 رنز پر سات وکٹ حاصل کرلئے ۔ ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگکرتے ہوئے87 اووروں میں سات وکٹ کے نقصان پر286 رنز بنالئے ہیں۔ کیوی ٹیم کے لئے اوپنر جیت راول نے 84 اور ساتویں نمبر کے بیٹسمین کالن ڈی گرینڈ ہومے نے پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 58 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے ٹام بلینڈیل (12) اور نیل ویگنر (1) رن بناکر کریز پر ہیں۔ کیوی ٹیم کے پاس اب صرف تین وکٹ ہی باقی ہیں۔ ونڈیز کی جانب سے گیبرئیل نے 19 اووروں میں 79 رن دے کر تین وکٹ اور کمنس نے 37 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے ۔کیمر روچ اور ریمن ریفرکو فی کس ایک وکٹ ملی۔ میزبان ٹیم نے صبح بہتر آغاز کیا اور راول اور ٹام لاتھم نے پہلے وکٹ کے لئے 65 رنز بنائے ۔ لاتھم نے 22 رن بنائے اور کمنس کی گیند پر وکٹ کیپر شین ڈاؤرچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اس کے بعد کپتان کین ولیمسن نے 96 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے اور دوسرے وکٹ کے لئے راول کے ساتھ 89 رن کی شراکت داری کی۔اس جوڑی کو کمنس نے توڑا اور اس مرتبہ بھی ڈارچ نے ولیمسن کا کیچ لپکاجبکہ راول کو ان کی سنچری سے محض 16 رن دور گیبرئیل نے آؤٹ کیا جن کا کیچ بھی ڈاؤرچ نے لیا۔ راول نے157 گیندوں میں 15 چوکے لگائے اور 84 رن بنائے ۔راس ٹیلر (16)، ہینری نکولس (13) اور مشیل سینٹنیر (24) رن بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد گرینڈہومے نے نچلے آرڈر میں 63 گیندوں میں پانچ چوکے اور چار چھکے لگاکر 58 رن بنائے ۔