رام مندر پر آرڈنینس لائیں گے: بی جے پی ایم پی

ایٹا،31جنوری(سیاست ڈاٹ کام)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ہرناتھ سنگھ یادو نے دعوی کیا ہے کہ لوک سبھا الیکشن سے پہلے مرکزی حکومت ایودھیامیں رام مندر کی تعمیر کے لئے آرڈنینس لاسکتی ہے ۔ یادو نے جمعرات کو کہا‘‘بی جے پی اجودھیا میں رام کی جنم بھومی پر مندر کی تعمیر کے لئے پرعزم ہے ۔ہم عدالت کا احترام کرتے ہیں اور عدالت میں یہ مسئلہ عرصے سے زیر التوا ہے ۔اگر اس حساس مسئلہ کا حل نکالنے میں سستی برتی جاتی ہے تو بی جے پی حکومت آرڈنینس لانے کے لئے مجبور ہوجائے گی۔مندر بنانے میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرنا بی جے پی کا فرض ہے اور پارٹی اسے ادا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ’’راجیہ سبھا رکن نے کہا کہ سپریم کورٹ کو ملک کے 125کروڑ شہریوں کے جذبات کا احترام کرناچاہئے اور جب پورا ملک ایک مسئلے پر ایک ساتھ کھڑا ہے تو عدالت کوملک کے حق میں فوراً فیصلہ دینا چاہئے ۔ہر طرح کی خامیوں کے باوجود ابھی بھی ملک کے عوام عدلیہ کا زبردست احترام کرتے ہیں۔اب یہ عدالت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی اس عزت و احترام کو برقرار رکھے ۔انہوں نے کہا کہ اعتقاد سے وابستہ اس مسئلے پر جس طرح ٹال مٹول ہورہی ہے اس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کہیں عدالت بھی انجانے میں کسی سیاسی سازش کی شکار تو نہیں ہورہی ہے ۔