رافیل پر عبوری عدالتی حکم کانگریس کے موقف کی تائید، جے پی سی قائم کی جائے

نئی دہلی 31اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)رافیل سودے سے متعلق سپریم کورٹ کے ایک عبوری حکم نامے کے پیش نظر کانگریس نے آج مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی بنا کر اس سودے کے تمام دستاویزات کمیٹی کے حوالے کی جائے ۔یہاں کانگریس کے صدر دفتر میں کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے آج کہا کہ عدالت عظمیٰ کا یہ کہنا کانگریس اور دوسری جمہوری طاقتوں کے مطالبے کی تائید کر تا ہے کہ حکومت اس معاملے میں راز داری کی آڑ نہ لے ۔رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کی قیمت عام کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعلقہ اقرار نامے میں یہ کہیں درج نہیں کہ قیمت مخفی رکھی جائے ۔مسٹر تیواری نے عدالت کے حتمی فیصلے سے قبل جے پی سی کی مانگ کو منطقی بتاتے ہوئے ٹو جی معاملے کا حوالہ دیا جس کا معاملہ بھی عدالت میں تھا اور جے پی سی بھی تشکیل دی گئی تھی۔