راشی سرکاری عہدیداروں کے خلاف محکمہ اے سی بی کی کارروائیاں

2019 میں 14 سرکاری ملازمین رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار
حیدرآباد ۔ /26 فبروری (سیاست نیوز) ریاست کے انسداد شعبہ رشوت ستانی اینٹی کرپشن بیورو نے رشوت خور سرکاری عہدیداروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور جاریہ سال جنوری سے اب تک 14 رشوت خور سرکاری ملازمین کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے جن میں پولیس عہدیدار اور جی ایچ ایم سی ملازمین سرفہرست ہے ۔ منگل کو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے تازہ ترین کارروائی میں شہر کے دو مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ پہلی کارروائی میں اینٹی کرپشن بیورو نے پرانی حویلی سٹی سیول کورٹ سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹ بیلیف ایم کرشنا نائیک کو 35 ہزار رشوت کی رقم حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں احاطہ عدالت میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ خاطی عہدیدار کرشنا نائک نے ایک ملکیت کے وارنٹ کی تعمیل کو روکنے کیلئے بنجارہ ہلز کے ساکن عارف محی الدین سے 35 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں عارف نے اے سی بی میں شکایت درج کروائی تھی اور بیورو کے عہدیداروں نے جال بچھاکر اسے سٹی سیول کور ٹ کی پارکنگ میں 35 ہزار روپئے رشوت کی رقم حاصل کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں اینٹی کرپشن بیورو نے جی ایچ ایم سی سرکل 13 کے ٹیکس انسپکٹر ایم ستیہ نارائینا اور ریکارڈ اسسٹنٹ کے چرن کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ خاطی عہدیدار سید عبدالشاہ علیم کے پراپرٹی کے اسسمنٹ کیلئے 8 ہزار روپئے کی رشوت کا مطالبہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں بیورو سے شکایت کی گئی تھی اور انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔ گرفتار ملزمین کو اے سی بی کی خصوصی عدالت میں پیش کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا ۔ اے سی بی ذرائع نے بتایا کہ سال 2018 ء میں 29 سرکاری عہدیداروں کو رشوت حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے جن میں پولیس عہدیدار بھی سرفہرست ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ چند عرصہ میں حیدرآباد اور پڑوسی کمشنریٹس سے تعلق رکھنے والے رشوت خور پولیس عہدیداروں کو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے ۔ حالیہ دنوں کی گئی کارروائی میں حیات نگر پولیس اسٹیشن کے ڈیٹکٹیو انسپکٹر جیتندر ریڈی ، مہیشورم پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر جی نرسملو ، رائے درگم کے سب انسپکٹر جی ششی دھر ، میرچوک پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر سارنگا پانی اور آصف نگر پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر غوث خان بھی شامل ہے ۔ حالانکہ تلنگانہ پولیس بالخصوص حیدرآباد سٹی پولیس سے تعلق رکھنے والے پولیس اسٹیشنس کو ماہانہ خرچ کیلئے 75 ہزار روپئے کا معاوضہ دیا جارہا ہے ۔ پولیس عہدیداروں میں رشوت خوری کے رجحان میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور عوام دوست رویہ اختیار کرنے کے باوجود بھی شہریوں کو رشوت دینے پر مجبور کیا جارہا ہے ۔