راشن ڈیلرس کا چیف منسٹر کے کیمپ آفس کے سامنے احتجاج

حیدرآباد، 30جون(یواین آئی)راشن ڈیلرس نے ان کے مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے شہر حیدرآباد کے سوماجی گوڑہ کے گرین لینڈس میں واقع تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے کیمپ آفس کے سامنے آج صبح احتجاج کیا ۔اس موقع پر احتجاجی راشن ڈیلرس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ افسروں کے دباو کے سبب تلنگانہ میں راشن کے ڈیلرس کو کئی مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔پنجہ گٹہ اے سی پی وینکٹیشورلو،انسپکٹر رویندر کی قیادت میں پولیس نے ان احتجاجیوں کو حراست میں لے لیا۔راشن کے ڈیلرس نے آج وزیراعلی کے کیمپ آفس کے سامنے احتجاج کرنے کی اپیل کی تھی جس کو دیکھتے ہوئے پولیس نے بھاری بندوبست کیا تھا۔دوسری طرف نظام آباد ،مدھول ،آصف آباد ، نلگنڈہ، بھونگیر ، کھمم ، محبوب آباد،ورنگل،کریم نگر،منچریال،سوریہ پیٹ ، کوداڑ ، جنگاوں کے راشن ڈیلرس کو پولیس نے احتیاطی طورپر پہلے ہی حراست میں لے لیا ۔