راشن شاپس کی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کے خلاف مہم

محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے سوشیل میڈیا سے استفادہ ، عوامی شکایات کی بروقت یکسوئی
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : محکمہ سیول سپلائز نے راشن شاپس کی بے قاعدگیوں ، بدعنوانیوں کا خاتمہ کرنے کے لیے سوشیل میڈیا کے واٹس اپ ، اور فیس بک سے بھر پور استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عوام سے وصول ہونے والی شکایتوں پر ڈیلرس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ سی وی آنند کو محکمہ سیول سپلائز کا کمشنر بنانے کے بعد انہوں نے مختصر عرصے میں ڈپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لاتے ہوئے محکمہ کو جوابدہ بنایا ہے ۔ رائس ملرس ، راشن شاپس ڈیلرس اور عہدیداروں کا علحدہ علحدہ اجلاس طلب کرتے ہوئے لمبے عرصے زیر التواء رہنے والے بقایا جات کو طلب کیا ہے ۔ باوجود اس کے راشن شاپس کی بے قاعدگیاں کسی حد تک کم ہوئی ہیں ۔ پوری طرح خاتمہ کرنے کے لیے عوام کو بھی اس مہم میں حصہ دار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سوشیل میڈیا کے واٹس اپ اور فیس بک سے بھر پور استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واٹس آپ کا کنٹرول روم کمشنر آفس میں قائم کیا جائے گا ۔ اس کی نگرانی اور دیکھ بھال کے لیے چار ملازمین کو تعین بھی کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ فیس بک کے استعمال کے لیے خصوصی پیج بھی بنایا جارہا ہے ۔ بہت جلد واٹس اپ کا نمبر عوام کے لیے جاری کردیا جائے گا ۔ ریاست کے کسی بھی مقام پر راشن شاپس ڈیلرس کی جانب سے کوئی بے قاعدگیاں کی جاتی ہیں تو عوام کی جانب سے وصول ہونے والی شکایتوں کو کنٹرول روم کے عملے کی جانب سے کمشنر اور دیگر اعلی عہدیداروں تک پہونچائی جائے گی ۔ جس کے بعد عہدیداروں کی جانب سے متعلقہ ڈیلرس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ سوشیل میڈیا کے استعمال سے ڈیلرس کی بے قاعدگیوں کو روکنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ عوام تقسیم نظام کو مستحکم کرنے کے لیے اس طرح کے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔ حکومت  کی جانب سے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے غریب عوام کو سبسیڈی پر چاول اور دوسرے اشیاء ضروریہ راشن شاپس سے سربراہ کی جارہی ہے ان اشیاء کے بیجا استعمال کو روکنے کے لیے محکمہ سیول سپلائز کمربستہ ہوگیا ہے ۔ آئی ٹی کی بھر پور استعمال کرنے کے لیے اور اس کی نگرانی کے لیے آوٹ سورسنگ کے تحت چند ماہرین کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ راشن شاپس کو اشیاء سربراہ کرنے والی 1150 ٹرکس کو جی پی ایس سسٹم سے مربوط کردیا گیا ۔ گاڑیوں کی ٹریکنگ کے لیے راشن شاپس میں سی سی ٹی وی کیمرے تنصیب کیے جارہے ہیں ۔ ان تمام کی نگرانی کے لیے سیول سپلائز کی آفسوں میں کمانڈ کنٹرول سنٹرس قائم کئے گئے ہیں ۔ جنہیں جوائنٹ کلکٹر آفسوں سے بھی مربوط کیا گیا ہے ۔۔