راست غیر ملکی سرمایہ کاری پالیسی میں مزید نرمی کا اشارہ

نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج اشارہ دیا کہ آئندہ ہفتہ میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری پالیسی میں مزید فراخدلی پیدا کی جائے گی تاکہ ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کی ترغیب دی جاسکے۔ مرکزی وزیر صنعت و تجارت آنند شرما نے اپنے بیان میں کہاکہ حکومت راست غیر ملکی سرمایہ کاری پالیسی میں آئندہ چند ہفتوں کے دوران مزید نرمی پیدا کرنے کا تیقن دیتی ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترغیب دی جاسکے۔ ہندوستان اِس شعبہ میں اپنا قائدانہ موقف برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ گزشتہ سال حکومت نے راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے معیاروں میں کئی شعبوں جیسے مواصلات، دفاع، سرکاری زیرانتظام تیل ریفائنریاں، اشیائے ضروریہ کے شعبے، برقی توانائی کے باہم تبادلہ اور اسٹاک ایکس چینج میں نرمی پیدا کی تھی۔ 2013 ء میں ہندوستان عالمی سطح پر انتہائی پسندیدہ سرمایہ کاری کی منزل قرار دیا گیا تھا۔ آنند شرما نے کہاکہ حکومت کے فیصلوں کی گونج عالمی برادری میں بھی سنائی دی اور گزشتہ چند ماہ میں ہمیں اِس کے نتائج نظر آگئے۔ اپریل تا اکٹوبر جاریہ مالی سال کے دوران ہندوستان میں 12 ارب 60 کروڑ امریکی ڈالر مالیتی غیر ملکی راست سرمایہ کاری دیکھی گئی۔ اِسی مدت میں گزشتہ سال 15 فیصد کم سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ اُنھوں نے 2014 ء میں معیشت کے بارے میں پُرامید رجحان ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ مہینوں میں سرکاری شعبے میں ملک گیر سطح پر کئی تبدیلیوں کے لئے دباؤ میں اضافہ ہوگا اور چند شہروں میں کارخانوں کا قیام عمل میں آئے گا۔

لیفٹننٹ جنرل سوہگ نائب فوجی سربراہ
نئی دہلی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لیفٹننٹ جنرل دلبیر سنگھ سوہگ نے جو آئندہ فوجی سربراہ ہونے والے ہیں، آج وائس چیف آف آرمی اسٹاف کا جائزہ حاصل کیا۔ جنرل سہاگ 1974 ء میں گورکھا رائفلز سے وابستہ ہوئے اور انہیں جموں و کشمیر و شمالی مشرقی علاقوں میں انسداد بغاوت کارروائیوں کا طویل تجربہ ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے سری لنکا میں ایک فوجی آپریشن میں بھی حصہ لیا تھا۔ وہ اس عہدہ پر فائز ہونے سے قبل ایسٹرن آرمی کمانڈر تھے۔