راجیہ سبھا کا فورم کے فقدان پر التوا

نئی دہلی۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آج راجیہ سبھا میں کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔ ایوان کا اجلاس فورم کی کمی کی وجہ سے اچانک ملتوی کردیا گیا۔ ایوان کی کارروائی چلانے کیلئے کم از کم 25 ارکان کی حاضری ضروری ہے لیکن ایوان میں صرف 23 ارکان موجود تھے جبکہ ایک خانگی رکن کے بل پر مباحث جاری تھے۔ اس بل کے ذریعہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون 2014ء میں ترمیم کی خواہش کی گئی تھی۔ قواعد کے مطابق ایوان کی جملہ تعداد کا کم از کم 10 فیصد موجود ہونا چاہئے۔ راجیہ سبھا میں نشستوں کی جملہ تعداد 245 ہے۔ اجلاس کا آغاز جیسے ہی ہوا مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ ہری بھائی پارتھی بھائی چودھری نے کانگریس رکن کے وی پی رام چندر راؤ کے پیش کردہ بل کا جواب دیا اور اس سے دستبردار ہونے کی خواہش کی۔ تلگودیشم کے سی ایم رمیش نے فورم کا مسئلہ اٹھایا جس کی وجہ سے ارکان کے دوران گرماگرم لفظی تکرار ہوئی جس میں کانگریس اور ٹی آر ایس نے بھی حصہ لیا۔ آخرکار 4.15 بجے اجلاس کو ملتوی کردیا گیا۔