راجیہ سبھا میں سبکدوش ہونے والے 54ارکان کی وداعی

نئی دہلی۔/18فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا نے آج 54سبکدوش ہونے والے ارکان پارلیمنٹ کی وداعی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے تجربات سے واقفیت حاصل کی۔ جذباتی مناظر بھی دیکھے گئے۔ صدر نشین راجیہ سبھا ، نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نے کہا کہ آج ہم ہمارے بعض ساتھیوں کی وداعی تقریب میں شرکت کیلئے جمع ہوئے ہیں جو جاریہ سال اپریل اور مئی میں سبکدوش ہورہے ہیں کیونکہ ان کی میعاد عہدہ مکمل ہوچکی ہے۔ آندھرا پردیش، ارونا چل پردیش، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، گجرات، ہریانہ، ہماچل پردیش، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا، منی پور، میگھالیہ، اڈیشہ، راجستھان، ٹاملناڈو اور مغربی بنگال کے جملہ 54ارکان کی میعاد عہدہ مکمل ہوچکی ہے۔ سبکدوش ہونے والے ارکان میں سے 15دوبارہ منتخب ہوچکے ہیں۔ حامد انصاری نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر بے حد مسرت ہوئی کہ چند ارکان دوبارہ منتخب ہوچکے ہیں لیکن ایوان یقینی طور پر ان کی عدم موجودگی کو محسوس کرے گا جو دوبارہ واپس نہیں آئیں گے۔ قائد اپوزیشن ارون جیٹلی نے کہا کہ بعض ارکان ایوان میں واپس نہیں آئیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ عوامی زندگیوں کے ذریعہ اپنا کردار اداکرنا جاری رکھیں گے۔ سینئر بی جے پی قائد نے یاددہانی کی کہ سیاسی اختلافات کے باوجود بعض ارکان بہت کم انفرادی سطح پر جھڑپوں میں ملوث دیکھے گئے ہیں۔

سی پی آئی ایم کے سیتا رام یچوری نے کہاکہ بلالحاظ سیاسی اختلافات ارکان نے اپنی بہترین کوشش کی ہے کہ ایوان بالا کے وقار کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے کئی ارکان عام انتخابات کے بعد لوک سبھا میں داخل ہوں گے۔ جنتا دل ( یو ) کے این کے سنگھ نے جو سبکدوش ہورہے ہیں کہا کہ بہار میں کئی محاذوں پر گذشتہ چند سال کے دوران زبردست ترقی دیکھی گئی ہے۔ ایسا صرف اس وجہ سے نہیں ہے کہ کوئی ایک پارٹی یا کوئی ایک شخص اس کا ذمہ دار ہے، اس میں جنتا دل ( یو ) اور بی جے پی کی مشترکہ قیادت نے اپنا حصہ ادا کیا ہے۔ قبل ازیں ایوان میں بعض افراد نے بیان کو مسخ کرکے پیش کیا تھا اور وزیر اعظم منموہن سنگھ نے استاد کا کردار ادا کرتے ہوئے ان کی اصلاح کی۔ ایک سبکدوش ہونے والے رکن ایس ایس کے بھرت کمار راوت نے کہا کہ وہ ایوان کو ایک یونیورسٹی تصور کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے یہاں پر انسان بننا سیکھا ہے۔ انہوں نے صدرنشین پر زور دیا کہ وہ علاقائی پارٹیوں کو اپنے نقاط نظر پیش کرنے کا زیادہ موقع دیں۔

بی جے پی کی رینوبالا، اے آئی ایف بی کے برون مکرجی اور ڈی ایم کے کے اے اے جناح بھی سبکدوش ہورہے ہیں۔ انہوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ قبل ازیں وداعی تقریب میں سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال نے کہا کہ سیاست میں کوئی بھی چیز مستقل نہیں ہے اور امید ظاہر کی کہ سبکدوش ہونے والے ارکان دیگر فورموں پر خدمات انجام دینا جاری رکھیں گے۔ انا ڈی ایم کے کے وی میترین، ڈی ایم کے کے ٹی ایم سلوا گنپتی، جے ڈی یو کے علی انور انصاری، بی جے پی ڈی کے ششی بھوشن باہرا، تلگودیشم کے وائی ایس چودھری اور سمیوکتا اکالی دل کے بلویندر سنگھ بھنڈر نے بھی خطاب کیا۔ سی پی آئی کے ڈی راجہ نے کہا کہ کئی قابل قدر ارکان سبکدوش ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر کئی فورم ہیں جہاں انہیں عوام اور ملک کی خدمت جاری رکھنا چاہیئے۔