راجیو گاندھی کیس کے مجرمین کی رہائی عدالتوں کے فیصلے پر منحصر

ہم کافی درگزر کرنے والے لوگ ہیں ، الیکشن میں کامیابی کی امید : راہول گاندھی
چینائی۔13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ انہیں راجیو گاندھی قتل کیس کے مجرمین کے تئیں کوئی نفرت نہیں ہے اور ادعا کیا کہ ان کی رہائی کے بارے میں فیصلہ کرنا عدالتوں کا کام ہے۔ کانگریس سربراہ ایک روزہ دورۂ تاملناڈو پر ہے جہاں وہ یونائیٹیڈ پروگریسیو الائنس (یو پی اے ) کی مہم شروع کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ان کے والد اور سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل کے پس پردہ دو پہلو کارفرما رہے۔ ایک پہلو تو شخصی رہا جس سے ہم نے نمٹ لیا ہے لیکن دیگر پہلو قانونی مسئلہ ہے جو قانون کے مطابق طے ہوگا۔ اس قانونی مسئلہ کو جس طریقہ سے بھی حل کیا جائے ہم اس پر راضی ہوں گے۔ راہول نے کہا کہ ہم کافی درگزر سے کام لینے والے لوگ ہیں، ہم کسی کے دشمنی یا نفرت نہیں رکھتے اور مجرمین کی رہائی کے بارے میں فیصلہ کرنا عدالتوں کا کام ہے۔ آپ کو تمام متعلقین سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس زیر قیادت اپوزیشن کی کامیابی کے تعلق سے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مختلف اقدامات کا وعدہ کیا جیسے گوڈس اینڈ سرویسس ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اصلاحات، اسے سہل ترین بنانا اور اقل ترین آمدنی کی ضمانت والی اسکیم کا غیر معمولی و انقلابی اقدام۔ رافیل معاملت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس طیارے کی قابلیت کے تعلق سے کوئی سوال نہیں ہے لیکن مسئلہ کرپشن سے متعلق ہے اور اس کی تحقیقات کرنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس سربراہ نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا ان کی پارٹی کو اگر اقتدار ملتا ہے تو وہ اس معاملت کو منسوخ کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم (نریندر مودی) بدعنوان شخص ہے، انہوں نے اصل مذاکرات کو بالائے طاقت رکھتے ہوئے متاوازی بات چیت کی اور اپنے طور پر رافیل معاملت طے کرلی۔ مودی کو نشانہ بناتے ہوئے راہول نے پوچھا کہ کیوں وزیراعظم میڈیا سے بات نہیں کررہے ہیں اور انہیں اسٹوڈنٹس سے بات کرنا کیوں پسند نہیں۔ جبکہ انہوں نے میڈیا اور طلبہ دونوں سے وقفہ وقفہ سے رابطہ قائم کیا ہے۔

مودی کافی برہم تھے، اس لیے بغلگیر ہوا: راہول
چینائی۔13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ وہ نریندر مودی کے لیے واقعی ہمدردی رکھتے ہیں اور یہ بھی کہا کہ جب انہوں نے پارلیمنٹ میں وزیراعظم کو نہایت برہم دیکھا تو وہ ان تک جاکر ان سے بغلگیر ہوئے۔ یہاں سٹی کالج کی اسٹوڈنٹس کے ساتھ گفتگو میں راہول نے وہ دن یاد کیا جب وہ مودی سے بغلگیر ہوئے تھے اور کہا کہ وہ نفرت نہیں کرسکتے کیوں کہ محبت ملک کی خاصیت ہے، یہ ہر مذہب کا خاصہ بھی ہے اور ٹامل عوام کی خصوصیت بھی۔