راجیش کھنہ کی جائیداد میں حصہ کیلئے انیتا اڈوانی کا دعویٰ

نئی دہلی۔/7اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج بالی ووڈ اداکاراکشے کمار ان کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ اور ساس ڈمپل کپاڈیہ سے ماضی کے سوپر اسٹار آنجہانی راجیش کھنہ کی جیون ساتھی ( لیواِن پارٹنر ) کی عرضی پر جواب طلب کیا ہے جبکہ ممبئی ہائی کورٹ میں گھریلو تشدد کیس میں مذکورہ تینوں اداکاروں کو بری کردینے کے خلاف یہ خاتون سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی ہے۔ چیف جسٹر ایچ ایل دتو اور جسٹس ارون مصرا اور جسٹس امیتا ورائے پر مشتمل سہ رکنی بنچ نے انیتا اڈوانی کے وکیل کی مختصر بحث کی سماعت کے بعد ایک نوٹس جاری کی ہے۔ سینئر وکلاء سی اے سندرم اور جتن زاویری نے انیتا کی پیروی کرتے ہوئے ممبئی ہائی کور ٹ کے حکم پر اعتراض کیاجس میں قانون گھریلو تشدد کے تحت مذکورہ اداکاروں کے خلاف شکایت کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچیکہ انیتا نے آنجہانی راجیش کھنہ سے باقاعدہ شادی نہیں کی تھی لیکن وہ ازدواجی زندگی گذار رہی تھیں اس کے باوجود ان کی شکایت کو غلط طریقہ سے مسترد کردیا گیا۔انہوں نے ادعا کیا کہ اڈوانی نے کھنہ کے ساتھ لیو اِن ریلیشن میں تھیں۔ قبل ازیں انیتا اڈوانی نے ممبئی ہائی کورٹ میں شکایت کی تھی۔