راجہ اشرف و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد

اسلام آباد، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) رینٹل پاور کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی جبکہ سابق وزیراعظم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ سابق وزیراعظم کیخلاف نوڈیرو 2 پروجیکٹ کے حوالے سے مالی اور انتظامی بے قاعد گی کے الزام میں کیس کی سماعت جمعہ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی ۔ عدالت نے راجہ اشرف سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی جبکہ کیس میں اقبال زیڈ احمد اور این ایم بیگ کا نام نکال دیا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم کیخلاف تین بنیادی نکات پر فرد جرم عائد کی گئی ہے جس میں انہوں نے رینٹل پاور کیس میں پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کی۔

پاکستان کی ٹرین میں دھماکہ
کم از کم تین افراد ہلاک
لاہور ، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر راجن پور میں آج جمعہ کو ایک ٹرین میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے ہیں۔ ایک اعلیٰ پولیس عہدہ دار زاہد محمود گوندل نے فرانسیسی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ دھماکہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی ایک بوگی میں ہوا۔ اس کے نتیجے میں آٹھ بوگیاں پٹری سے اْتر گئیں۔ ٹرین پشاور سے کراچی جا رہی تھی۔ ریلوے پولیس کے اہلکار راجہ ظہیر ارشد نے بھی دھماکے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی نے فوری طور پر اس کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ تاہم پاکستانی صوبہ پنجاب میں القاعدہ سے مربوط پاکستانی تحریک طالبان کافی سرگرم ہیں۔