راجپوتوں کا ’پدماوتی‘ کے خلاف زبردست احتجاج

احمدآباد ۔ 12نومبر ( سیاست ڈاٹ کام) راجپوت برادری کے ارکان نے آج کرنی سینا کے پرچم تلے پُرہجوم احتجاجی جلوس گاندھی نگر اور سورت میں نکالے اور مطالبہ کیا کہ فلم ’’پدماوتی ‘‘ کی ریلیز پر امتناع عائد کیا جائے ۔ برادری کا الزام تھا کہ فلم سازوں نے تاریخی حقائق کو مسخ کر کے پیش کیا ہے ۔ برادری کے ایک لاکھ ارکان گاندھی نگر کے جلسہ میں شریک تھے ۔ سورت میں ہزاروں افراد نے احتجاجی جلوس میں شرکت کی اور اپنے مطالبہ پر مبنی نعرہ بازی کی ۔ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کے خلاف بھی نعرے لگائے گئے ۔ جنہوں نے فلم پدماوتی کی ہدایت دی ہے ۔یہ فلم یکم ڈسمبر کو ریلیز ہونے کیلئے تیار ہے ۔ مان سنگھ راتھوڑ کے بموجب جو کرنی سینا کی گجرات شاخ کا صدر ہے کہا کہ بھنسالی نے فلم میں تاریخی حقائق کو مسخ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ فلم میں خواب کا بھی ایک منظر ہے جس میں رانی پدماوتی کو علاء الدین خلجی سے محبت کرتے دکھایا گیا ہے ۔ ہم اس گھناؤنے سین کے خلاف جو ہماری رانی سے منسوب ہے احتجاج کرتے ہیں اور ایسی فلم کی نمائش کو کبھی برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کرنی سینا اور دیگر راجپوت اور ہندو تنظیمیںفلم پر امتناع کا مطالبہ کرتی رہیں گی ۔