راجوری میں آئی ایس پرچم نذر آتش ، کرفیو نافذ

جموں ۔ 21جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )جموں کے راجوری ٹاؤن میں وشواہندو پریشد ( وی ایچ پی ) کے چند کارکنوں کی جانب سے آج ایک دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ ( آئی ایس ) کا پرچم نذر آتش کئے جانے پر بعض اقلیتی گروپوں کے احتجاجی مظاہروں کے بعد کرفیو نافذ کردیا گیا ۔ اقلیتی گروپوں کاکہنا تھا کہ اس پرچم پر مقدس مذہبی کلمات درج تھے ۔ راجوری ضلع مجسٹریٹ دیپتی اُپل نے کہا کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے 15 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے کہاکہ وی ایچ پی کارکنوں کی جانب سے آئی ایس پرچم نذر آتش کرنے کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی تھی ، تاہم اب صورتحال قابو میں ہے ۔