راجندر نگر میں پتہ نہ بتانے پر ایک نوجوان کا قتل

حیدرآباد /27 مارچ ( سیاست نیوز ) راجندر نگر کے علاقہ میں پیش آئے ایک ا نسانیت سوز واقعہ میں پتہ نہ بتانے پر ایک نوجوان کا قتل کردیا گیا ہے ۔ معمولی بات پر ہوئی بحث و تکرار کے بعد چند مسلم نوجوانوں نے ایک نہتے مسلم نوجوان پر ہاکی اسٹک سے حملہ کرتے ہوئے اسے ڈھیر کردیا اور وزنی پتھر ڈال کر فرار ہوگئے ۔ انسپکٹر راجندر نگر پولیس اسٹیشن سریش کے مطابق 19 سالہ محمد نسیم ساکن محمد آباد 9 نمبر پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا گیا ۔ 25 مارچ کی رات نسیم اپنے گھر واپس ہو رہا تھا کہ چند مسلم نوجوانوں نے اس کا راستہ روکا اور پتہ دریافت کیا ۔ اس دوران نسیم ان افراد کی جانب سے پوچھے گئے پتہ کو بتا نہیں سکا اور اپنی لاعلمی کا اظہار کیا ۔ نسیم ان کی نیت سے واقف نہیں جو پتہ نہ بولنے پر نسیم کے قریب آگئے اور اس سے بحث کرنے لگے ۔ مقامی ہونے کے باوجود پتہ نہ بتانے پر برہم بدمعاش نسیم سے الجھ پڑے ۔ یہ تنہا نوجوان بحث و تکرار کا جواب دینے لگا اس دوران فون کرتے ہوئے ان بدماشوں نے مزید مسلم نوجوانوں کو طلب کرلیا ۔ جو مقام پر پہونچتے ہی نسیم پر حملہ آور ہوگئے ۔ نہتے نسیم پر بھوکے کتوں کی طرح لاٹھیوں سے ٹوٹ پڑے اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نوجوان کو ڈھیر کردیا اور اس پر وزنی پتھر ڈال کر فرار ہوگئے ۔ انسپکٹر راجندر نگر پولیس مسٹر سریش نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت کرلی گئی ہے حملہ آوروں میں ذاکر اور سرور کے علاوہ دیگر پائے جاتے ہیں ۔ انسپکٹر پولیس راجندر نگر نے بتایا کہ نسیم سے ان کی کوئی پرانی دشمنی نہیں تھی اور خاطیوں کو سخت سزا دلانے کے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے ۔