راجندر نگر میں رہزنوں کی دہشت ، گشتی کمپنی کے منیجر سے لاکھوں روپیوں کا سرقہ

عوام دہشت زدہ ، راجندر نگر پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد /30 اگست ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ راجندر نگر میں رہزنوں نے پھر ایک بار دہشت مچادی ۔ رات دیر گئے گشتی کمپنی کے ایک منیجر پر حملہ کرتے ہوئے اس سے تقریباً 7 لاکھ روپئے چھین لیا ۔ رہزنوں کی سرگرمی نے عوام میں دہشت پھیلادی اور راجندر نگر پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کا سبب بن گئی ۔ دن رات چوکسی اورمستعدی کا دعوی کرنے والی راجندر نگر پولیس کی قلعی کھل گئی ۔ گذشتہ روز ایک تاجر کے گھر سرقہ کے دوران ایک شخص کا بے رحمی سے قتل کردیا گیا تھا اور اب ایک تازہ واقعہ جو پولیس کی چوکسی پر عوامی بھروسہ کو شدید دھکہ ثابت ہو رہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجندر نگر کے علاقہ قسمت پور میں انڈین گیس کی ایجنسی پائی جاتی ہے اور ایجنسی میں رامو نامی شخص پر حملہ کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 6 لاکھ 70 ہزار روپئے لوٹ لئے گئے ۔ اس حملہ میں منیجر شدید زخمی ہوگیا ۔ جسکو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کے جسم پر لگے زخموں کو بھرنے کیلئے تقریباً 18 ٹانکے دئے ۔ اطلاع کے ساتھ ہی چوکسی اختیار کرتے ہوئے پولیس راجندر نگر نے رہزنوں کی تلاش شروع کردی ۔ ابتدائی تحقیقات اور منیجر کے بیان کے بعد بتایا جاتا ہے کہ 4 افراد موجود تھے ۔ جنہوں نے حملہ کیا ۔ سرقہ کی گئی رقم گیس ایجنسی کی بتائی گئی ہے ۔ پولیس ہر زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات میں جٹ گئی ہے ۔