راجستھان آج ممبئی کے خلاف دوسری کامیابی کیلئے کوشاں

نئی دہلی ؍ جئے پور ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تیزی سے وقت ہاتھ سے نکل رہا ہے اور راجستھان رائلس اپنے مسائل پر قابو پاتے ہوئے طاقتور ممبئی انڈینس کے خلاف کل یہاں اپنے گھریلو میدان میں کھیلے جانے والے مقابلے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے نہ صرف اپنی آئی پی ایل مہم کو ٹریک پر واپس لانے کیلئے کوشاں ہوگی بلکہ گذشتہ ہفتہ ممبئی کو اسی کے میدان میں شکست دینے کے بعد اب اس کے خلاف دوسری کامیابی کی خواہاں بھی ہوگی۔ راجستھان رائلس نے 8 مقابلوں میں صرف دو فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ 6 مقابلوں میں اسے ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے اور ٹیموں کے جدول میں وہ سب سے نیچے دوسرے مقام پر موجود ہے۔ ممبئی کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں اسے کرو یا مرو صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ ایک اور شکست کا مطلب اس کا ٹورنمنٹ کے آئندہ مرحلہ پلے آف میں رسائی کے امکانات کو شدید نقصان ہوگا۔ دوسری جانب روہت شرما کی زیرقیادت ممبئی انڈینس ٹیم راجستھان کے خلاف گذشتہ شکست کا حساب برابر کرنے کے علاوہ ایک اور کامیابی کے ذریعہ آئندہ مرحلہ میں رسائی کے اپنے امکانات کو مستحکم کرنے کی خواہاں ہوگی۔ سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف اسے واحد کامیابی حاصل ہوئی تھی جبکہ گھریلو میدان پر اسے تین مقابلوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی۔ بنگلور کے خلاف ٹیم کی کامیابی میں اوپنر جوس بٹلر نے 43 گیندوں میں 89 رنز کی کلیدی اننگز کھیلی تھی جس کی بدولت راجستھان کو چار وکٹوں کی کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ سنجوسیمسن نے آئی پی ایل کی پہلی سنچری اسکور کی ہے جس کے بعد سے وہ بے رنگ دکھائی دے رہے ہیں۔ خود کپتان اجنکیا راہنے بھی بہتر شروعات کے باوجود بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوپارہے ہیں۔ دوسری جانب ممبئی کیلئے لوور آرڈر میں ہاردک پانڈیا کی برق رفتار اننگز اہم ثابت ہورہی ہے اور راجستھان کے خلاف بھی ان سے ایک اور تیز رفتار اننگز کی امید کی جارہی ہے۔ دن کا دوسرا مقابلہ میزبان دہلی کیپیٹلس اور کنگس الیون پنجاب کے درمیان ہوگا۔ روی چندرن اشون کی قیادت میں پنجاب کے اس مرتبہ مظاہرے قابل ستائش ہیں۔ دوسری جانب دہلی کیپٹیلس میں بھی ممبئی کے خلاف کھیلے گئے گذشتہ مقابلہ میں شکست سے قبل متواتر تین فتوحات حاصل کرتے ہوئے اگلے مرحلہ میں اپنی دعویداری کو مضبوط کیا ہے۔ رکی پونٹنگ اور سابق کپتان سورو گنگولی کی سرپرستی میں نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل دہلی کیپیٹلس کے مظاہرے متاثر کن ہیں۔