رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے نوجوانوں میں شعور بیداری پر زور

11 اپریل کو حق رائے دہی کے استعمال کی ترغیب، بیداری واک سے رجت کمار کا خطاب

حیدرآباد۔31مارچ(سیاست نیوز) ریاست میں 11اپریل کو ہونے والے عام انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ اور ہر کسی کو حق رائے دہی کے استعمال کی ترغیب دینے کیلئے کی جانے والی شعور بیداری مہم کے سلسلہ میں آج رائے دہندو ںمیں شعور بیداری کیلئے ’’واک‘‘ کا اہتمام کیا گیا اور اس پروگرام میں چیف الکٹورل آفیسر مسٹر رجت کمار کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں اور سرکردہ شخصیتوں نے شرکت کرتے ہوئے پروگرام کے شرکاء کو رائے دہی میں حصہ لینے کا عہد کروایا۔ ملک کے عظیم جمہوری تہوار میں عوام کی حصہ داری کو یقینی بنانے کیلئے چلائی جانے والی اس شعور بیداری مہم کے دوران شرکاء نے ووٹ کی اہمیت اور اس کے استعمال کے ذریعہ مستقبل کی بہتری سے متعلق نعروں پر مشتمل پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے ۔ رجت کمار نے شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں رائے دہی کے فیصد کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں نوجوانوں میں شعور بیداری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں رائے دہی میں عوامی شراکت داری کو یقینی بنانے کیلئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے متعدد پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں اور ریاستی سطح پر پروگرامس کے انعقاد کے علاوہ ضلعی سطح پر بھی ضلع الکٹورل آفیسرس سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے طور پر ضلعی سطح پر عوام میں رائے دہی میں حصہ لینے کے سلسلہ میں شعور اجاگر کریں اور اس بات کو یقینی بنائیںگذشتہ انتخابات سے زیادہ تعداد میں رائے دہندے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں ۔رائے دہندوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی گئی اس ’’واک‘‘ میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار ‘ کمشنرپولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت ‘ مسٹر اننت شری رام ‘ مسز متالی راج کے علاوہ دیگر سرکردہ شخصیتیں موجود تھیں جنہوں نے رائے دہندوں کو مشورہ دیا کہ وہ 11اپریل کو ہونے والی رائے دہی میں ملک کے مستقبل کو مستحکم بنانے کیلئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ رائے دہندے حصہ لیتے ہوئے اپنے حق کا استعمال کریں۔ مسٹر انجنی کمار نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انتخابات کے دوران نظم و ضبط کی بحالی و برقراری کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات میں اولین ترجیح حق رائے دہی کے استعمال کے لئے نکلنے والوں کو تحفظ اور سہولت کی فراہمی ہے ۔