رائے دہندوں کو راغب کرانے امیدواروں کی انتھک کوشش

انتخابی مہم کے آخری دن کئی علاقوں میں انتخابی ریالیاں اور روڈ شوز
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) بلدی انتخابات کے لئے جاری انتخابی مہم آج شام 5 بجے اختتام کو پہونچی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے علاوہ امیدواروں نے اپنے حق میں آخری دن بھی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے رائے دہندوں کو راغب کروانے کی کوشش کی اور اپنی امیدواری کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ شہر کے کئی علاقوں میں مجلس، ٹی آر ایس، کانگریس، بی جے پی، تلگودیشم، مجلس بچاؤ تحریک کے علاوہ لوک ستہ پارٹی اور بائیں بازو جماعتوں کی جانب سے ریالیاں منظم کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائی گئی۔ مجلس بچاؤ تحریک اور مجلس کی جانب سے آج دن میں شہر کے مختلف مقامات پر انتخابی جلسے منعقد کئے گئے۔ مجلس اتحاد المسلمین کا مرکزی انتخابی جلسہ خلوت میدان پر منعقد ہوا جہاں صدر مجلس کے علاوہ ارکان اسمبلی نے جلسہ عام سے مخاطب کیا۔ اسی طرح مجلس بچاؤ تحریک کی جانب سے 2 مرکزی انتخابی جلسہ عام منعقد کئے گئے جوکہ اکبر باغ چوراہا اور اعظم پورہ چمن کے قریب منعقد ہوئے۔ ان انتخابی جلسوں سے صدر تحریک ڈاکٹر قائم خان، ترجمان تحریک مجید اللہ خان فرحت کے علاوہ جناب امجد اللہ خان خالد نے مخاطب کیا۔ 2 فروری کو منعقد ہونے والی رائے دہی سے 48 گھنٹے قبل ختم ہونے والی انتخابی مہم کے دوران عوام اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں زبردست جوش و خروش  دیکھا گیا۔ حلقہ اسمبلی چارمینار کے تین اہم بلدی ڈیویژنس سے مقابلہ کررہے محمد غوث (پرانا پُل)، محمد سہیل (شاہ علی بنڈہ) ، پروین سلطانہ (گھانسی بازار) کی انتخابی مہم میں بھی عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ان امیدواروں نے اپنے بلدی ڈیویژنس کے تمام علاقہ جات کا دورہ کرتے ہوئے آخری دن عوام سے ملاقات کی۔ ٹی آر ایس کے دبیرپورہ ڈیویژن امیدوار محمد عبدالذیشان نے ریالی منظم کرتے ہوئے انتخابی مہم کا اختتام کیا جبکہ بلدی ڈیویژن دبیرپورہ سے ہی مقابلہ کررہے کانگریس کے امیدوار ساجد شریف نے بھی عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ روڈ شو منظم کرتے ہوئے عوام سے اُن کے حق میں ووٹ استعمال کرنے کی اپیل کی۔ شہر کے مختلف مقامات پر انتخابی مہم کے اختتامی مراحل کے دوران مبصرین کو مصروف دیکھا گیا جبکہ دوسری جانب بلدی عہدیدار رائے دہی کی تیاریوں کا جائزہ لینے میں مصروف رہے۔ بنجارہ ہلز، امیر پیٹ، فتح نگر، حمایت نگر، ایرا گڈہ، سوماجی گوڑہ میں بھی مختلف جماعتوں کے امیدواروں نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اعظم پورہ بلدی حلقہ سے مقابلہ کررہی محترمہ اسماء خاتون نے بھی آج اپنے علاقہ میں موجود رائے دہندوں سے شخصی ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں کامیاب بنانے کی اپیل کی۔