رئیل میڈرڈ کو حیران کن شکست،بارسلونا کو فائدہ

میڈرڈ۔31 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام )کرسٹیانو رونالڈو کی موجودگی کے باوجود رئیل میڈرڈ کو اسپینش لیگ کے میچ میں غیر معروف ٹیم کے خلاف 2-1 کی حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ روایتی حریف بارسلونا نے اپنا میچ جیت کر نشانات کے جدول پر رئیل میڈرڈ کیخلاف برتری میں بھی مزید اضافہ کر لیا ہے۔ رئیل میڈرڈ نے پہلی مرتبہ اسپنیش لیگ کھیلنے والی ٹیم گیرونا کے خلاف 12 ویںہی منٹ میں برتری حاصل کی تو یوں محسوس ہو رہا تھا کہ دنیا کی معروف ٹیم بڑے فرق سے جیتنے میں کامیاب ہوگی لیکن گیرونا کے کھلاڑیوں نے اپنے شاندار کھیل سے سب کو حیران کردیا۔ انہوں نے دنیا کے نامور فٹبالرز کی حامل رئیل میڈرڈ کو نہ تو مزید کوئی گول کرنے کا موقع دیا بلکہ دوسرے ہاف میں اپنا پہلا گول کرتے ہوئے پہلے میچ برابر کیا اس کے بعد دوسرا گول کرتے ہوئے برتری بھی حاصل کرلی۔ اس کے بعد گیرونا کے تمام کھلاڑیوں نے صرف دفاع پر توجہ مرکوز کرلی۔کرسٹیانو رونالڈو سمیت رئیل میڈرڈ کے کھلاڑیوں کو اس طرح قابو کیا کہ کسی کو ان کے گول پوسٹ تک پہنچ کر مقابلہ کرنے کا موقع بھی نہیں دیا۔ رئیل میڈرڈکیلئے یہ شکست بڑا دھکا ہے۔ لیگ میں وہ ٹیموں کے جدول میں بارسلونا سے8 نشانات پیچھے ہو چکی ہے اسے اب چیمپیئنز لیگ کے میچ میں لندن میں ٹوٹنہم کے خلاف اسکے اپنے گراونڈ پر اہم میچ کھیلنا ہے۔ یہ شکست نفسیاتی طور پر رئیل میڈرڈ کے لئے خطرناک قرار دی جا رہی ہے۔ گیرونا کی ٹیم کو لیگ میں پہلی مرتبہ ترقی دے کر بڑی ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے اس نے اسے درست بھی ثابت کر دیا۔ علاوہ ازیں اسی لیگ میں لیونل میسی کی ٹیم بارسلونا نے ایتھلیٹک بلباو کو0-2 سے شکست دے کر کامیابی کا سفر جاری رکھا۔ میسی نے پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جبکہ دوسرا گول پالنہو نے کیا اور اس طرح اس نے نہ صرف لیگ میں اپنا پہلا مقام مستحکم کرلیا بلکہ رئیل میڈرڈ کو مزید پیچھے کردیا۔