ذکر صالحین پر رحمت الٰہی کا نزول

محبوب نگر ۔ 30 ۔ جنوری ( اسٹیٹ سماچار ) جانشین قدیر ہلکٹہ شریف حضرت خواجہ سید شاہ ابو تراب قادری بندہ نوازی تراب قدیری نے کہا کہ اولیاء اللہ کی صحبت انسان کے اندر خلوصیت للہیت ، ایمان کا پیکر بنادیتی ہے ۔ دامن اولیاء اللہ سے نفس کی اصلاح ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ اولیاء اللہ کو نہ ہی دنیا میں کسی قسم کا رنج و غم ہوتاہے اور نہ ہی آخرت میں غم ، ان خیالات کا اظہار کرناٹک کے ہلکٹہ شریف کے سجادہ نشین مولانا ابو تراب شاہ قادری نے کل رات سوپر فنکشن ہال بارے پلی جڑچرلہ ضلع محبوب نگر میں حضرت شیخ محمد شاہ قادری بھوپالی کے 23 ویں سالانہ جلسہ سے صدارت خطاب کرتے ہوئے کیا جو سلسلہ قدیری کی جانب سے منعقد ہوا تھا ۔ مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی جنرل سکریٹری سنی علماء مشائخ بورڈ نے کہا کہ جسے دیکھنے سے اللہ یاد آتا ہو ان ہی اللہ والوں کی صحبت اختیار کی جائے ۔ اور جہاں پر صالحین کا ذکر ہوتا ہے

وہاں پر رحمت الہی کا نزول ہوا کرتا ہے ۔ جلسہ کا آغاز حافظ محمد ظہیرالدین قادری امام و خطیب مسجد محمدیہ ونپرتی کی قرات کلام پاک ، سید صابر قادری اور محمد عبدالمجید قدیری کی نعت شریف سے ہوا ۔ جلیل رضا جرنلسٹ نے منقبت پیش کی اور نظامت انجام دی ۔ اس موقع پر محمد عبدالقدوس جہانگیر ، محمد عثمان قادری ، معتمد نشر و اشاعت سنی علماء مشائخ بورڈ ، مولانا سید اطہر علی شاہ قادری ، محمد اسحق قادری ، محمد اقبال قادری و دیگر موجود تھے بعدازاں محفل سماع محمد عبدالغفور نیازی نے پیش کیا ۔