ذمہ داری سنبھالنے کیلئے کمل ناتھ بھوپال پہنچے

بھوپال ، یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے نو منتخب صدر کمل ناتھ آج یہاں ایک خصوصی طیارے سے پہنچے جہاں ان کا پارٹی لیڈروں اور کارکنوں نے شاندار استقبال کیا ۔ مسٹر کمل ناتھ ہوائی اڈے سے مخصوص گاڑی میں دیگر پارٹی لیڈروں کے ساتھ سوار ہوکر پارٹی کے ریاستی آفس کی جانب جلوس کی شکل میں روانہ ہوئے ۔ مانا جا رہا ہے کہ تقریبا 15 کلومیٹر کا یہ فاصلہ دوپہر تک پورا ہوگا ۔ اس کے بعد ریاستی کانگریس آفس کے پاس کارکنوں کو خطاب کریں گے ۔ بعد میں مسٹر کمل ناتھ دیگر سینئر پارٹی لیڈروں کی موجودگی میں پریس کانفرنس کو بھی خطاب کریں گے ۔ مسٹر کمل ناتھ کے ساتھ ہی اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے پیش نظر ریاستی انتخابی مہم کمیٹی کے صدر کے طور پر سینئر لیڈرجیوترادتیہ سندھیا بھی آج اپنا عہدہ سنبھالیں گے ۔ اس موقع پر پارٹی کے جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج دیپک باوریا ، سینئر لیڈر دگوجے سنگھ ، کانتی لال بھوریا اوردوسرے لیڈر بھی موجود ہوں گے ۔ سینئر پارٹی لیڈر مانک اگروال کے مطابق مسٹر کمل ناتھ ، مسٹر سندھیا اور مسٹر باوریا آج ایک خصوصی طیارہ سے دہلی سے یہاں صبح سوا گیارہ بجے پہنچے ۔جہاں انکے سینکڑوں حمایتیوں نے استقبال کیا ۔ ریاستی کانگریس صدر کے لئے شہر میں جگہ جگہ استقبال کی تیاریاں کی گئی ہیں ۔ جگہ جگہ کانگریسی لیڈروں کے بینر اور پوسٹر لگائے گئے ہیں۔