ذبیحہ گاؤ پر امتناع کا فیصلہ ریاستوں کی ذمہ داری مرکز کی نہیں : بی جے پی

شیلانگ ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک بڑے تنازعہ کے دوران بی جے پی نے آج کہا کہ ذبیحہ گاؤ پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ متعلقہ ریاستوں کی ذمہ داری ہے۔ مرکز نے مویشیوں کی فروخت پر جو حالیہ اعلامیہ جاری کیا ہے، اس کا ذبیحہ گاؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بی جے پی قائد نلن کوہلی نے جو پارٹی کے امور برائے میگھالیہ کے انچارج ہیں، کہا کہ ریاستی حکومتیں ذبیحہ گاؤ پر امتناع کا فیصلہ مقامی غذائی اعداد کے پیش نظر کرسکتی ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس ریاست میں بی جے پی قائدین کی اکثریت بیف کھاتی ہے۔ ان کا یہ تبصرہ بی جے پی کی میگھالیہ شاخ کی جانب سے مرکزی قیادت کے نکتہ نظر کے متضاد ہے کیونکہ مقامی قائدین بیف کھاتے ہیں۔ کوہلی نے کہا کہ مرکز کا اعلامیہ مویشیوں کی منڈی میں ذبیحہ کیلئے فروخت پر امتناع عائد کرتا ہے اور یہ اعلامیہ سپریم کورٹ کے حکمنامے اور پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر ہے۔ انسداد بے رحمی برائے مویشیان (مویشی منڈیوں کی باقاعدگی) قواعد 2017ء بھی پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پر مبنی ہے جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے ارکان شامل تھے۔ علاوہ ازیں اس کی بنیاد سپریم کورٹ کا حکم ہے۔