دیگر ایام کو بھی رمضان کی طرح پر نور گزارنے کی تلقین

مسجد آثار شریف میں مولانا سید مدثر احمد نقشبندی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست : ( راست ) : نماز اسلام کا اہم اور بنیادی رکن ہے ۔ اسلامی عبادات میں ہر عبادت کی فرضیت کا حکم روئے زمین پر ہوا ہے ۔ لیکن نماز ایسی عبادت ہے جس کو فرض کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کو عرش کی بلندیوں پر طلب کر کے اس بابرکت عبادت کو ہماری خیر خواہی و نجات کے لیے ہم پر فرض کیا ۔ نماز ہی وہ عبادت ہے جس کی اہمیت بتلاتے ہوئے نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ’ نماز دین کا ستون ہے ‘ جب تک ستون پائیداد و مضبوط ہو سقف بھی قائم رہتی ہے اور جیسے ہی ستون کمزور ہوجاتی ہے چھت بھی دھڑام سے گر جاتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید مدثر احمد قادری نقشبندی ملتانی خطیب مسجد آثار شریف تالہ گڈہ کاروان نے نماز کی اہمیت اور اس کی برکات سے متعلق خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے سلسلہ کلام کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مسلمان نماز کو صرف رمضان المبارک تک ہی محدود نہ جانیں بلکہ دیگر ایام کو بھی رمضان المبارک کی طرح پر نور اور رطب اللسانی میں بتائیں ۔ انہوں نے کہا کہ نماز ہی واحد ذریعہ نجات اور ترقی کی ضامن ہے ۔ مصائب و آلام میں سپر ہے جو آسودگی و خوشحالی کو لاتی ہے ۔ تبھی تو حضرت رسول کریم ﷺ نے نماز کو اپنی آنکھوں کی ٹھنڈک قرار دیا ہے ۔۔