دیپاولی ‘دہلی میں آگ لگنے کے 173 واقعات

تین افراد زخمی ۔ کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا
نئی دہلی 30 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کے محکمہ فائر کو آج دارالحکومت میں دیپاولی کے موقع پر آگ لگنے کے واقعات سے متعلق 173 کالس موصول ہوئے ہیں ان میں تین افراد کے زخمی ہوجانے کی اطلاع ہے ۔ دہلی کے ایک سینئر فائر عہدیدار نے کہا کہ ہم کو 10 بجے شام تک آگ لگنے سے متعلق 173 کالس موصول ہوئے اور تمام فون کالس پر فوری کارروائی کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان واقعات میں کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا ہے اور نہ کوئی جانی نقصان ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ آٹھ واقعات پٹاخوں کی وجہ سے آگ لگنے کے ہیں جن میں تین افراد کے زخمی ہوجانے کی اطلاع ہے ۔ ان تینوں زخمیوں کو قریبی دواخانوں میں شریک کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 40 کالس شام 8 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان وصول ہوئے ہیں ۔ اس وقفہ کے دوران آگ لگنے کے زیادہ واقعات پیش آئے ہیں تاہم ان میںبھی کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی جانی نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اس وقت کے دوران ہی لو گ زیادہ تر آتشبازی میں مصروف ہوتے ہیں اسی لئے اس وقت کے دوران زیادہ واقعات پیش آئے ہیں اور ان کی فون کالس کے ذریعہ محکمہ فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ان کالس کے موصول ہونے پر فوری حرکت مے آتے ہوئے کارروائی کی گئی ہے ۔ عہدیدار کے بموجب آج دیپاولی کے موقع پر جملہ 1,500 اہلکاروں کو متعین کیا گیا تھا ۔