دیویانی تنازعہ ‘ ہند ۔امریکی دفاعی تعلقات غیر متاثر

چین کے ساتھ کسی معجزہ کی توقع نہیں ‘ وزیر دفاع انٹونی کا بیان
کوچی ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع اے کے انٹونی نے آج کہا کہ ہند ۔ امریکی دفاعی تعلقات پر ہندوستانی سفارت کار دیویانی کھوبرگاڑے کے مسئلہ کے کوئی اثرات مرتب نہیں ہوں گے ۔ دیویانی کی گرفتاری سے متعلق ایک سوال پر وزیر دفاع نے جواب دیا کہ ’’میں نہیں سمجھتا کہ یہ مسئلہ ہمارے دفاعی تعلقات کو متاثر کرسکتا ہے ‘‘ ۔ ایک اور سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ہندوستانی مسلح افواج اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے شب وروز چوکس رہیں گی ۔ کیونکہ وہ چین اور پاکستان کے ساتھ امن و استحکام کو برقرار رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔ مسٹر انٹونی نے کہا کہ ’’ایک طرف سرحدوں کی دونوں جانب آپ امن و استحکام برقرار رکھنے کی مخلصانہ مساعی جاری رکھتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ہندوستانی مسلح افواج کو اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے روزانہ چوبیسوں گھنٹے چوکس رہنا پڑتا ہے ۔‘‘ 2013 ء کے دوران چین کے ساتھ مسلسل سرحدی کشیدگی کے تناظر میں آئندہ سال کے بارے میں پیش قیاسی کی خواہش پر مسٹر انٹونی نے کہا کہ وہ کسی معجزہ کی توقع نہیں رکھتے ۔

انہوں نے کہا کہ ’’ جب تک دونوں ملک سرحدی تنازعہ پر پائیدار حل تلاش نہیں کرتے اور سرحد کی حد بندی کے قابل نہیں ہوں گے میں اس قسم کے واقعات کے رونما ہونے کے امکانات کو مسترد نہیں کرسکتا ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہندوستان کے زمینی سرحدی حدود 3500 کیلو میٹر طویل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ دونوں ملکوں کے مابین حالیہ سرحدی تعاون سمجھوتہ ہوا ہے جس کے باوجود چند واقعات پیش آئے ہیں ۔ لیکن ماضی کے برخلاف دونوں ممالک کسی طویل تاخیر کے بغیر بات چیت میں مصروف ہوگئے اور مسائل کو حل کرلیا گیا ۔ جہاں مسائل ہوتے ہیں وہاں کوئی نہ کوئی حل بھی ہوتا ہے ‘‘۔ پاکستان کے بارے میں مسٹر انٹونی نے کہا کہ 2013 ء کے دوران اگرچہ جنگ بندی کے خلاف ورزی کے سب سے زیادہ واقعات پیش آئے ہیں لیکن گزشتہ چند ہفتوں سے ان واقعات میں کمی ہوئی ہے ۔