دیاندھی مارن سے آج سی بی آئی کی پوچھ تاچھ

نئی دہلی ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیرٹیلیکام دیاندھی مارن سے کل سی بی آئی پوچھ گچھ کرے گی۔ چینائی میں واقع ان کی بوٹ ہاؤز رہائش گاہ میں مبینہ طور پر 300 ہائی ڈیٹا گنجائش کے حامل بی ایس این ایل ٹیلیکام لائنس کے مبینہ طور پر استعمال سے متعلق مقدمہ میں پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ مارن کو کل پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پہلے سے طئے شدہ شیڈول کا بہانہ بناتے ہوئے حاضر نہیں ہوئے۔ وہ مدراس ہائیکورٹ سے آج رجوع ہوئے اور عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست داخل کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ دیاندھی مارن کل ایجنسی ہیڈکوارٹر میں پیش ہوں گے اور اس مقدمہ کے سلسلہ میں ان سے پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ ایجنسی کی جانب سے اسپیشل ٹاسک فورس اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ قبل ازیں مدراس ہائیکورٹ نے سن ٹی وی کے 3 عہدیداروں کو جنہیں سی بی آئی نے اس مقدمہ کے سلسلہ میں گرفتار کیا تھا، ضمانت منظور کرلی تھی۔