دہلی کی تمام نشستوں پر کامیابی بی جے پی کا واحد مقصد

نئی دہلی ۔20 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر ہرش وردھن جنھوں نے آج بی جے پی دہلی یونٹ کے صدر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالا ہے ، ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے سامنے فی الحال صرف ایک ہی چیلنج اور ایک ہی مقصد ہے کہ آنے والے لوک سبھا الیکشن میں دہلی کی ساتوں لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کی جائے تاکہ نریندر مودی کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے میں مدد مل سکے ۔ بی جے پی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پارٹی کے سامنے فی الحال ایک ہی مقصد ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں دہلی میں 7-0 سے کامیابی حاصل کی جائے ۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی کے تمام سینئر قائدین سے کہہ دیا ہے کہ وہ اس مقصد کے تحت کام کرنا شروع کردیں ۔ ہم بہت جلد امیدواروں کے ناموں کی فہرست جاری کردیں گے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ پارٹی کے اندر خاص کر بی جے پی کے سابق صدر وجئے گوئل اور اُن کے درمیان کوئی اختلافات ہیں تو انھوں نے کہا کہ ہمارے درمیان یا پارٹی میں کسی قسم کا اختلاف نہیں ہے اور ہم تمام کا ایک ہی مقصد ہے کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں ساتوں نشستوں پر قبضہ کرنے کیلئے مل جل کر کام کیا جائے ۔

وردھن نے مزید کہا کہ پارٹی کارکنوں نے اس معاملے میں پہلے ہی ’’ڈور ٹو ڈور ‘‘مہم کا آغاز کردیا ہے جو اس دوران دہلی کے عوام کو کانگریس کی بدعنوانی اور عام آدمی پارٹی کی بدنظمی کو نمایاں کریں گے ۔ عام آدمی پارٹی کی جانب سے دیئے گئے چیلنجس کے بارے میں پوچھے جانے پر ہرش وردھن نے کہا کہ عام آدمی پارٹی 49 روزہ حکمرانی کے دوران مکمل طورپر بے نقاب ہوچکی ہے ۔ لوگ یہ جان چکے ہیں کہ انھیں بیرونی فنڈس حاصل ہوتے ہیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے کے خلاف اینٹی کرپشن برانچ کی جانب سے ایف آئی آر درج نہ کئے جانے اور ریلائنس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی اور وزیر پٹرولیم ایم ویرپا موئیلی اور دیگر افراد کے خلاف ایک ہی مسئلہ پر ایف آئی آر درج کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وردھن نے کہا کہ یہ عام آدمی پارٹی کے دوہرے معیار کو ظاہر کرتا ہے ۔