دہلی کا گھریلو میدان پر آج ممبئی سے مقابلہ

ربادا کا روہت اور ڈی کاک
کے خلاف مظاہرہ توجہ کا مرکز

نئی دہلی۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے رواں سیزن میں بہترین فارم میں نظر آ رہی دہلی کیپٹلسکل یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں بلند ارادوں کے ساتھ اپنے گھریلومیدان فیروز شاہ کوٹلہ پر ممبئی انڈینس کے سخت چیلنج پر قابو پاتے ہوئے پوائنٹس حاصل کرنے کے مقصد سے اترے گی۔ آئی پی ایل کے آٹھ میچوں میں سے دہلی نے پانچ جیتے ہیں اور10 پوائنٹس لے کر وہ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ممبئی کی ٹیم کے بھی10 پوائنٹس ہیں لیکن رن ریٹ کی بنیاد پر وہ تیسرے نمبر پر ہے ۔ دہلی نے پچھلا میچ سن رائزرس حیدرآباد سے اسی کے میدان پر39 رنز سے جیتا تھا جس سے اس کا حوصلہ کافی بلند ہے اور وہ گھریلو میدان پر بھی اسی سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے ہر حال میں اپنے موقف کو مضبوط کرنا چاہے گی۔ ممبئي نے گزشتہ میچ میں رائل چیلنجرس بنگلورکو پانچ وکٹ سے شکست دے دی ہے اور وہ بھی دہلی کو برابری کی ٹکر دینے کے لئے تیار نظر آرہی ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کوٹلہ کے میدان پر مقابلہ برابری کا تصور کیا جا سکتا ہے لیکن گھریلو حالات میں دہلی کو مزید فائدہ ہو سکتا ہے جس نے اپنے آخری تین میچ بنگلور،کولکتہ اور حیدرآباد سے جیتے ہیں۔ دوسری جانب روہت شرما کی کپتانی میں ممبئی کافی اتار چڑھاؤ سے گزر رہی ہے اور اس میں تسلسل کا فقدان ہے ۔ اس نے پنجاب سے میچ جیتنے کے بعد راجستھان سے اگلا میچ گنوایا تھا لیکن گزشتہ میچ میں فہرست کی سب سے نچلی ٹیم بنگلورکو شکست دے کر واپسی کر لی۔ کوٹلہ کی سست پچ پر ممبئی کیبیٹسمینوں کو کچھ جدوجہد کرنی پڑ سکتی ہے ، اگرچہ روہت، اوپنر کویٹن ڈی کاک، سوریہ کمار یادو، آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی صورت میں ٹیم کے پاس اچھے کھلاڑی ہیں۔ ہاردک نے گزشتہ میچ میں بنگلور کے خلاف آل راؤنڈکھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور16 گیندوں میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ37 رنز کی اننگز سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ورلڈ کپ ٹیم کا حصہ ہاردک ایک بار پھر فنیشر کے کردار میں ہوں گے جبکہ بولنگمیں لستھ ملنگا، جسپریت بمراہ، ہاردک اورکرونال پانڈیا ممبئی کے اہم کھلاڑی ہیں۔ بنگلور کے خلاف میچ میں ملنگا31 رنز پر چار وکٹ لے کر سب سے کامیاب ثابت ہوئے تھے ۔ دوسری طرف دہلی کی ٹیم اپنے بیٹسمینوں شیکھر دھون، پرتھوی شا، کپتان شریئس ایر اور رشبھ پنت پر منحصر ہے ۔ ورلڈکپ ٹیم سے باہر رہنے والے پنت کی کارکردگی پر سب کی نگاہیں رہیں گی جنہیں قومی ٹیم کا حصہ نہ بنائے جانے پر فی الحال کئی طرح کی وجوہات سامنے آ رہی ہیں۔ حیدرآباد کے خلاف گزشتہ میچ میں کولن منرو اورشریئس نے 40 اور45 رنز کی اہم اننگز کھیلی تھیں جبکہ بولروں میں ایشانت شرما، کیگسو ربادا، کرس مورس، پٹیل اور امیت مشرا اہم ہیں۔ ربادا ٹیم کے اہم بولروں میں شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ میچ میں22 رنز پر چار وکٹ حاصل کئے تھے وہیں کیمو پال17 رن پر تین وکٹ لیکر مین آف دی میچ رہے تھے ۔ ممبئی کے مضبوط بیٹنگ کو روکنے کے لئے ان سے اسی کارکردگی کو دہرانے کی توقع کی جائے گی۔