دہلی کا آج کولکاتہ سے اہم مقابلہ

نئی دہلی ۔ 29 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے کھیل میں قابل ذکر بہتری کرنے والی دہلی ڈیرڈیولس کی ٹیم کا کل یہاں خطاب کی ایک دعویدار ٹیم کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس سے مقابلہ ہوگا اور دونوں ٹیموں کے درمیان یہ دوسرا مقابلہ ہے ۔ میزبان ٹیم اس مقابلے میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ایڈن گارڈنس میں ہوئی شرمناک شکست کا حساب برابر کرنے کیلئے کوشاں ہوگی ، کیونکہ ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں اسے کولکاتہ کے خلاف اندرون 100 رنز آؤٹ ہونا پڑا تھا ۔ گزشتہ سیزن کی بہ نسبت دہلی رواں سیزن میں نہ صرف ایک بہترین ٹیم کے طورپر اُبھری ہے بلکہ اسے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں میں بھی شمار کیا جارہا ہے ۔ دہلی کیلئے گجرات لائینس کے خلاف گزشتہ مقابلے میں کرس مورس کی بیٹنگ کھلاڑیوں میں ایک نئی جان ڈالنے کے مماثل ہے کیونکہ جنوبی افریقی اس آل راؤنڈر نے ایک غیرمعمولی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو مشکل حالات سے کامیابی کے قریب پہونچا دیا تھا لیکن دہلی کی ٹیم کامیابی کیلئے درکار وہ ایک رن نہ بناسکی جس کی بدولت اسے مزید دونشانات مل سکتے تھے ۔ ٹاپ آرڈر میں ڈیکاک کی موجودگی بھی اہمیت کی حامل ہے ۔ بولنگ شعبہ میں ظہیرخان کے مظاہروں میں عدم استقلال کسی قدر تشویش کا باعث ہے ۔ دوسری جانب کولکاتہ کی ٹیم ممبئی کے خلاف ہوئی ناکامی کو پس پشت ڈالتے ہوئے دہلی کو ٹورنمنٹ میں دوسری مرتبہ شکست دینے کیلئے کوشاں ہے۔