دہلی میں 4تا 6 اپریل آر ایس ایس ‘ ملحقہ تنظیموں کا قومی کنونشن

نئی دہلی 30 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس کی جانب سے دارالحکومت دہلی میں 4 تا 6 اپریل سہ روزہ قومی کنونشن کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے جس میں آر ایس ایس کی ملحقہ تنظیمیں شرکت کرینگی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ کنونشن آر ایس ایس کی طاقت کے مظاہرہ کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے ۔ اس اجلاس کا مقصد باہمی تعاون میں اضافہ اور اپنے والینٹرس کو ملک بھر میں کام کرنے کی تربیت فراہم کرنا ہے ۔ اس کنونشن کا افتتاح 4 اپریل کو امرتا نندا دیوی کرینگی ۔ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت 5 اپریل کو راشٹریہ سیوا سنگم سے خطاب کرینگے ۔ آر ایس ایس کے کنونشن کا دہلی میں ایسے وقت میں انعقاد عمل میں آ رہا ہے جب بی جے پی کی جانب سے 3 اور 4 اپریل کو نو تشکیل شدہ قومی عاملہ کا بنگلورو میں اجلاس منعقد ہو رہا ہے ۔ اس اجلاس میں پارٹی صدر امیت شاہ پارٹی کیلئے منصوبوں کا اعلان کرینگے ۔ آر ایس ایس کے جوائنٹ جنرل سکریٹری دتاتریہ ہس بولے اختتامی دن 6 اپریل کو والینٹرس سے خطاب کرینگے ۔ اس کنونشن میں کئی دوسرے قائدین بھی شرکت کرنے والے ہیں۔ یہ کنونشن دوسری مرتبہ منعقد ہو رہا ہے کہا گیا ہے کہ آر ایس ایس سے الحاق رکھنے والی تقریبا 836 تنظیموں کے 4,000 والینٹرس اس میں شرکت کرینگے جس میں سماجی و کمیونٹی خدمات کے تعلق سے ورکرس کو ٹریننگ دی جائیگی ۔ علاوہ ازیں والینٹرس کو اپنے تجربات بیان کرنے کا موقع بھی دیا جائیگا ۔ آر ایس ایس کے آل انڈیا سہ سیوا پرمکھ اجیت پرساد موہاپترا نے بتایا کہ اس اجلاس کا مقصد والینٹرس اور سماج میں پچھڑے طبقات کی مدد کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے مابین رابطہ اور تعاون کو فروغ دینا ہے ۔ اس کا مقصد ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا اور نئی حکمت عملی تیار کرنا بھی ہے ۔ اس طرح کا پہلا اجلاس 2010 میں بنگلورو میں منعقد کیا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیر میں آئے سیلاب میں سنگھ کے 4,300 کارکن امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔