دہلی میں یوگینڈا کی خاتون کی عصمت ریزی 2ملزمین کو 30سال کی سزاء قید

نئی دہلی۔/31مارچ، ( سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے یوگینڈا کی ایک شہری کے اغوا اور اجتماعی عصمت ریزی کے الزام میں 2نوجوانوں کو 30سال کی سزائے قید سنائی ہے اور کہا کہ ان کی یہ گھناؤنی حرکت دنیا کی نظر میں ہندوستان کیلئے پشیمانی کا باعث ہے اور یہ دونوں سخت سزاء کے مستحق ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج ویریندر بھٹ نے دہلی کے دو شہریوں راجکمار اور دنیش شرما کو 50ہزار روپئے جرمانہ کے ساتھ 30سال کی سزاء قید سنائی اور کہا کہ ان دونوں کی حرکت ایک بھوکے بھیڑیا کی طرح تھی جس کے باعث سڑک پر اکیلی جانے والی ایک غیر ملکی خاتون کو ہوس کا نشانہ بنایا اور انہیں اس وقت ملک کا وقار اور احترام بھی یاد نہیں رہا۔ ان کی گھناؤنی حرکت سے دنیا کی نظر میں ہندوستان کی رسوائی ہوئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ مجرمین نے جس طریقہ سے جرم کا ارتکاب کیا ہے اس سے پتہ چلا ہے کہ انہیں خواتین کی عزت و احترام کا پاس و لحاظ نہیں ہے۔ یہ مجرمین اپنی کار میں سڑکوں پر جانے والی تنہا خواتین کی تلاش میں رہتے ہیں اور ان کا اغوا کرکے اپنی ہوس کا نشانہ بناتے ہیں۔ یوگینڈا کی خاتون کو بھی ان لوگوں نے زبردستی اغوا کرکے اپنے مکان لے گئے اور اجتماعی عصمت ریزی کے بعد صبح سویرے سڑک پر لاکر چھوڑ دیا تھا۔ عدالت نے متاثرہ خاتون کے بیان پر یہ سزاء سنائی جبکہ ڈی این اے رپورٹ کو مسترد کردیا کیونکہ اس رپورٹ سے جرم ثابت نہیں ہورہا تھا۔