دہلی میں جن لوک پال بل پیش مرـکز کے ساتھ تنازعہ

نئی دہلی ۔ 30 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) انسداد رشوت تحریک کی بنیاد پر اقتدار پر آنے والی عام آدمی پارٹی حکومت نے آج اسمبلی میں جن لوک پال بل پیش کردیا ۔ اس کے ذریعہ قومی دارالحکومت میں عوامی خدمت گذاران بشمول مرکزی ملازمین کے خلاف کرپشن کی صورت میں کارروائی کا اختیار رہے گا ۔ اس نکتہ پر مرکز اور ریاست کے مابین پھر تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے ۔ بل میں کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر انتہائی سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں جن میں 6 ماہ سے لے کر 10 سال تک قید بامشقت اور بعض معاملات میں عمر قید اور جرمانے شامل ہیں۔ جو عہدیدار جتنے اعلیٰ عہدہ پر ہوگا اُسے سزاء بھی اُتنی زیادہ ہوگی۔ بل کے تحت لوک پال کو مرکزی وزراء اور مرکزی ملازمین کے خلاف کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا اختیار رہے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے یہ بل پیش کرتے ہوئے اسے ہندوستان کی تاریخ میں اب تک کا انتہائی کارگر اور آزاد بل قرار دیا ۔ سرکاری عہدیداروں کو ایک سخت پیام دیتے ہوئے اس بل میں بدعنوانیوں میں ملوث رہنے پر جائیدادیں ضبط کرنے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے ۔