دہلی میں جفت و طاق ٹریفک قواعد کا آج آغاز

کجریوال اور ان کی کابینہ عوام کیلئے نمونہ پیش کرے گی
نئی دہلی۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت دہلی نے آلودگی پر قابو پانے کے مقصد سے جفت اور طاق اعداد پر مبنی اسکیم پر کل سے عمل آوری کی تیاری پوری کرلی ہے۔ آج اس ضمن میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور اسکیم کو قطعیت دی گئی۔ وزیر ٹرانسپورٹ گوپال رائے نے دہلی کے عوام سے خواہش کی ہیکہ وہ اسکیم کو کامیاب بنائیں تاکہ شہر کو اپنے بچوں کیلئے آلودگی سے پاک کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی مبینہ سازش کے باوجود یہ اسکیم کامیاب رہے گی۔ حکومت نے 3000 اضافی بسوں کی خدمات حاصل کی ہیں اور دو ہیلپ لائنس بھی قائم کئے ہیں جہاں عوام کو اپنی شکایات اور تجاویز پیش کرنے کی سہولت رہے گی۔ دہلی ٹریفک پولیس کی 200 ٹیمیں، ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی 66 انفورسمنٹ ٹیمیں اور سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کی 40 ٹیموں کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ نئے ٹریفک قواعد کے مطابق سڑکوں پر ایک دن جفت اور دوسرے دن طاق اعداد والی گاڑیوں کو چلانے کی اجازت رہے گی۔ موٹر رانوں کو خلاف ورزی پر 2000 روپئے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دہلی پولیس کمشنر بی ایس بسی نے اس غیرمعمولی منصوبہ کیلئے اروند کجریوال حکومت کی ستائش کی اور کہا کہ اس پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

عوام کو سخت پیام دینے کے مقصد سے چیف منسٹر اروند کجریوال اور ان کی کابینہ کے وزراء کل کار پول (ایک ہی گاڑی میں مختلف افراد کی سواری) اور پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعہ دفتر پہنچیں گے۔ کجریوال کی کار میں وزیرٹرانسپورٹ گوپال رائے اور وزیر پی ڈبلیو ڈی ستیندر جین ہوں گے جبکہ وزیر ماحولیات عمران حسین اور وزیر سماجی بہبود سندیپ کمار بالترتیب آٹو و بس سے دہلی سکریٹریٹ پہنچیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا جفت نمبر کی کار میں آئیں گے جبکہ وزیرسیاحت کپل مشرا بائیک پر دفتر پہنچیں گے۔ سیول ڈیفنس کے ہزاروں والینٹرس کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہے جو ٹریفک پولیس کی معاونت کریں گے جبکہ یہ اسکیم کل صبح 8 بجے شروع ہوگی۔ اسکیم کے تحت جفت نمبر کی حامل خانگی کاروں کو جفت تاریخ اور طاق نمبر کی گاڑیوں کو طاق تواریخ پر چلانے کی اجازت رہے گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ٹوئیٹر نے حکومت کے اس غیرمعمولی منصوبہ کی تائید کی ہے اور وہ بس و میٹرو روٹ کے بارے میں تازہ اطلاعات سے عوام کو واقف کراتا رہے گا۔