دہلی : خواتین کیلئے مرد ڈرائیورس کی تجویز مسترد

عام آدمی پارٹی حکومت کی ’طاق ۔ جفت‘ اسکیم قابل تعریف: بی ایس بَسی
نئی دہلی ، 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے عام آدمی پارٹی حکومت کو تجویز پیش کی تھی کہ ایسی خواتین کو جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہ ہو یا جو گاڑی چلانا نہیں جانتی ہوں، انھیں کسی مرد ڈرائیور کے ساتھ سفر کرنے کی اجازت دی جائے، لیکن یہ تجویز مسترد کردی گئی ہے، کمشنر آف پولیس بی ایس بَسی نے آج یہ بات کہی۔ بڑے جوش و خروش سے ترتیب دی گئی ’طاق۔ جفت‘ اسکیم کی شروعات کے موقع پر نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ سے بات کرتے ہوئے کمشنر پولیس نے عام آدمی پارٹی حکومت کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اقدام جو ماحولیات میں مثبت اثر رکھتا ہو ، وہ خراب چیز نہیں ہوسکتی اور ادعا کیا کہ وہ گاڑیوں کی آمدورفت میں تحدیدات پر مکمل آوری کو یقینی بنائیں گے۔ ’’ہم نے خواتین کی سلامتی کے مفاد میں سوچا کہ کسی ڈرائیور کے ساتھ تنہا سفر کرنے والی خواتین کے حق میں ایک اور استثنیٰ دیا جاسکتا ہے۔ یہ تجویز حکومت نے قبول نہیں کی ہے۔ لہٰذا اب اگر کوئی خاتون اس اسکیم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوئی (مرد) ڈرائیور کے ساتھ سفر کرے تو اس طرح کا ڈرائیور تعزیری کارروائی کا مستوجب رہے گا۔‘‘