دہلی اقلیتی کمیشن کی امن کمیٹی کا قیام

نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عبادتگاہوں میں توڑپھوڑ اور دہلی میں فسادات میں اضافہ کے پیش نظر دہلی اقلیتی کمیشن نے ایک 20 رکنی امن کمیٹی قائم کی ہے تاکہ ایسے واقعات پر قابو پا سکیں۔ دہلی اقلیتی کمیشن کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کمیٹی کے صدرنشین قمراحمد نے کہا کہ امن کمیٹی نے 5 اقلیتی مشاورتی کمیٹیاں ہیں جن میں مسلمانوں، عیسائیوں، سکھوں، بدھ مت کے پیروؤں اور پارسیوں کی کمیٹیاں ہیں جن میں سے ہر ایک میں چار چار ارکان ہیں۔ قبل ازیں 3 مشاورتی کمیٹیاں ہوا کرتی تھیں لیکن اب مزید دو نمائندگیاں جین مت اور بدھ مت کے پیروؤں کی نمائندگی کیلئے قائم کی گئی ہے۔ یہ مشاورتی کمیٹیاں ایک ایک امن کمیٹی قائم کرنے کی سفارش کرچکی ہیں۔ قمر احمد نے کہا کہ کمیشن کو 111 درخواستیں 2014-15ء کے دوران وصول ہوئی تھیں جن میں سے 78 کی یکسوئی کردی گئی۔ کمیشن کی پہل پر ترلوک پوری کے فساد زدہ علاقہ کا دورہ کیا گیا اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بحال کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ مختلف علاقہ کے گرجا گھروں میں توڑ پھوڑ کے بعد کمیشن نے ان علاقوں کا دورہ بھی کیا۔

ٹرینوں کی کارکردگی متاثر، وزیراعظم نے نوٹ لیا
نئی دہلی ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ٹرینوں کی آمدورفت میں باقاعدگی میں انحطاط دیکھا گیا ہے ۔ وزیراعظم نریاندر مودی نے اس کا نوٹ لیتے ہوئے وزارت ریلوے سے خواہش کی کہ وہ نظام کو چست اور درست بنائے۔ گذشتہ سال ماہ مارچ میں ٹرینوں کی باقاعدگی 84.43فیصد تھی جبکہ جاریہ سال مارچ میں 79 فیصد ہوگئی۔ وزیراعظم کے دفتر کو ارکان پارلیمنٹ، وزراء اور مسافرین کی جانب سے ٹرینوں کی تاخیر سے روانگی و آمد کی شکایات وصول ہوئی ہیں۔