دہلی اسمبلی میں بی جے پی رکن اسمبلی نے مائیک توڑ دیا

نئی دہلی 30 جون (سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی رکن اسمبلی او پی شرما نے آج اپنی میز پر نصب مائیک دہلی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے آخری دن توڑ دیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مائیک بند کردیا جارہا ہے ۔ الجھن کا شکار شرما نے کہا کہ انہیں اسمبلی میں تقریر کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جبکہ اسپیکر نے حکم دیا تھا کہ اُن کا مائیک بند کردیا جائے ۔ گپتا نے کہا کہ ہمارے مائیکس بند کردیئے جارہے ہیں جب بھی ہم اسمبلی میں کوئی سوال کرنا چاہتے ہیں اسے قبول نہیںکیا جاتا ۔ بی جے پی رکن اسمبلی نے اپنا مائیک توڑنے کے بعد ایوان اسمبلی سے واک آوٹ کیا تاہم کچھ دیر بعد واپس آگئے ۔شرما کو بجٹ اجلاس کے دوران جس کا آغاز 23 جون سے ہوا تھا دو بار مارشلوں کے ذریعہ باہر کردیا گیا تھا ۔ عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی نے شرما کی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے ان سے معذرت خواہی طلب کی کیونکہ انہوں نے سرکاری جائیداد کو نقصان پہنچایا تھا جس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی نے ایک قرار داد پیش کی کہ رکن اسمبلی کی تنخواہ سے جرمانہ کی رقم اور نقصان کے ازالہ کی رقم منہا کرلی جائے ۔ دہلی اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل نے بھارتی کی قرار داد تادیبی کمیٹی کو روانہ کرتے ہوئے نقصان کا معاوضہ تنخواہ سے منہا کرنے کی خواہش کی۔