دہلی اسمبلی اسپیکر کیلئے بی جے پی رکن جگدیش مکھی کا پرچہ نامزدگی داخل

نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قائد جگدیشور مکھی نے دہلی اسمبلی اسپیکر کے عہدہ کے لئے آج اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا۔ جنک پوری حلقہ انتخاب کے رکن اسمبلی جگدیش مکھی قبل ازیں عبوری اسپیکر کے عہدہ کی پیشکش مسترد کرچکے ہیں۔ عبوری اسپیکر نے نومنتخبہ ارکان اسمبلی کو حلف دلوایا۔ اسمبلی کی کارروائی کی صدارت کی اور اُس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک کہ نئے اسپیکر کا انتخاب نہ ہوجائے۔ بی جے پی رکن اسمبلی جگدیش مکھی نے کہاکہ عبوری اسپیکر کا کردار محدود ہے۔ اُس کا تقرر لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ عام طور پر ایوان میں سینئر ترین شخص کو بلالحاظ سیاسی وابستگی عبوری اسپیکر مقرر کیا جاتا ہے۔ اُسی کے مطابق اُن کا تقرر کیا گیا تھا لیکن اُنھوں نے شکریہ کے ساتھ پیشکش مسترد کردی۔ بی جے پی نے فیصلہ کیا تھا کہ پارٹی کے کسی بھی رکن اسمبلی کو یہ ذمہ داری قبول نہیں کرنی چاہئے کیونکہ پارٹی اسپیکر کے انتخاب میں مقابلہ کرنے کا منصوبہ بنارہی تھی۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ کے لئے رائے دہی جمعہ کے دن منعقد ہوگی۔