دہلی اسمبلی اجلاس کا آج آغاز متین احمد عبوری اسپیکر: کجریوال

نئی دہلی۔ 31۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج کہا کہ کانگریس ایم ایل اے متین احمد دہلی اسمبلی کے عبوری اسپیکر ہوں گے۔ نئی دہلی اسمبلی کا پہلا سیشن کل شروع ہورہا ہے اور 7 جنوری تک جاری رہے گا جس کے دوران کجریوال زیر قیادت حکومت ایوان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی۔ نئے ایم ایل ایز کو کل حلف دلایا جائے گا جبکہ 2 جنوری کو حکومت اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 3 جنوری کو منعقد کیا جائے گا ۔ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ 6 جنوری کو ایوان سے خطاب کریں گے اور ان کے خطاب پر 7 جنوری کو مباحث منعقد کیا جائے گا ۔ کجریوال نے آج یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ متین احمد عبوری اسپیکر ہیں۔ ’’ہم نے قبل ازیں عبوری اسپیکر کیلئے جگدیش مکھی کا نام تجویز کیا تھا۔ یہ روایت اور قاعدہ ہے کہ ایوان کا سینئر ترین لیڈر عبوری اسپیکر بنتا ہے لیکن انہوں نے انکار کیا اور کہا کہ کوئی بی جے پی رکن یہ عہدہ قبول نہیں کرے گا۔ جے ڈی (یو) کے شعیب اقبال نے بھی اسے قبول نہیں کیا۔

لوک پال بل صدر جمہوریہ کو بھیج دیا گیا
نئی دہلی ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انسداد بدعنوانی کے معاملہ میں کافی انتظار والے اقدام لوک پال کو آج رات قانون بننے کی سمت مزید پیشرفت ملی جبکہ حکومت نے اس بل کو صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے پاس ان کی منظوری کیلئے بھیج دیا ہے۔ صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد وزارت قانون میں سکریٹری محکمہ قانون سازی اس پر دستخط کریں گے اور اسے سرکاری گزٹ میں اشاعت کیلئے بھیجیں گے۔