دہشت گردی ہماری مشترکہ دشمن : صدر پاکستان

اسلام آباد ۔ 15 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر پاکستان ممنون حسین نے آج اپنے نومنتخبہ افغانی ہم منصب اشرف غنی سے کہا کہ دہشت گردی ایک ’’دشمن مشترکہ‘‘ ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک اس خطہ میں امن و امان کی برقراری کے لئے باہمی تعاون کریں۔ اشرف غنی پاکستان کے دو روزہ مختصر دورہ پر یہاں پہنچے ہیں۔ قصر صدارت میں انھوں نے ممنون حسین سے ملاقات کی جہاں دونوں قائدین نے اس خطہ کے علاوہ عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ممنون حسین نے کہا کہ پاکستانی افواج افغانستانی افواج کو تربیت فراہم کرنے میں اپنے وعدہ کی پابند ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی ہماری مشترکہ دشمن ہے جس کو شکست دینے کیلئے ہمیں مشترکہ طورپر کوششیں کرنی چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی باہمی تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ امن کی برقراری کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔