دہشت گردی میں ملوث رہنے والوں کو سخت پیام

یعقوب میمن کے تعلق سے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا مختلف جماعتوں کی جانب سے خیرمقدم

ممبئی 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد یعقوب میمن کو سزائے موت کی راہ ہموار ہونے کا مختلف جماعتوں نے خیرمقدم کیا اور اسے تاریخی فیصلہ قرار دیا جس کے ذریعہ ہندوستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہنے والوں کو یہ پیام ملے گا کہ انھیں بھی پھانسی ہوسکتی ہے۔ شیوسینا لیڈر رام داس کدم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے یہ پیام دیا ہے کہ جو لوگ ہندوستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہوں گے انھیں پھانسی پر لٹکایا جائے گا، وہ اس پیام کا خیرمقدم کرتے ہیں اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سماج وادی پارٹی لیڈر ابو عاصم اعظمی نے کہاکہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کا احترام کے ساتھ خیرمقدم کرتے ہیں۔ اسپیشل پبلک پراسکیوٹر اوجول نکم جنھوں نے ممبئی بم دھماکہ مقدمہ کے دوران ٹاڈا عدالت میں استغاثہ ٹیم کی قیادت کی تھی، کہاکہ میمن کی کیوریٹیو درخواست کو مسترد کیا جانا تاریخی ہے اور اس سے سرحد پار لوگوں کو بھی یہ سخت پیام پہونچے گا کہ مجرمین کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہاکہ اس مقدمہ کے ملزم داؤد ابراہیم اور ٹائیگر میمن (یعقوب میمن کے بھائی) جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ پاکستان میں روپوش ہیں، اس فیصلہ سے یہ سبق ملے گا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں اور انھیں اپنے جرم کی سزا بھگتنی ہوگی۔ بی جے پی لیڈر این سی شائنا نے کہاکہ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ سے یہ پیام ملا ہے کہ ہمارے سماج میں دہشت گردی کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ نامور وکیل رام جیٹھ ملانی نے بھی فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔