دہشت گردی منصوبے کے الزام میں سابق امریکی فوجی گرفتار

واشنگٹن۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی شہر لاس اینجلس میں مبینہ طورپر دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں سابق امریکی فوجی مارک اسٹیون ڈومنگو کو گرفتار کرلیا گیا۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز حراست میں لیے گئے ڈومنگو پر الزام ہے کہ وہ گزشتہ ہفتے لونگ بیچ پر ہونے والی ایک ریلی میں دھماکا کرنا چاہتا تھا۔ملزم کو ایک جاسوس نے بھیس بدل کر ایک پارسل دیا جو اس نے بم سمجھ کر رکھ لیا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ عدالتی دستاویز کے مطابق ایف بی آئی ذرائع سے بات کرتے ہوئے ڈومنگو نے مسلمانوں کے خلاف حملوں کا بدلہ لے کر شہید ہونے کا شوق ظاہر کیا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق خود کو مسلمان ظاہر کرنے والا 26 سالہ مارک اسٹیون ڈومنگو افغانستان میں جنگ کا تجربہ رکھتا ہے اور وہ کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کے واقعے کا بدلہ لینا چاہتا تھا۔