دہشت گردی ، ہندوستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ : مودی

گوسائن گنج۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے دہشت گردی کو ہندوستان کیلئے لاحق سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پڑسی میں چلنی والی دہشت گردی کی فیکٹریاں یہاں ایک کمزور حکومت کے قیام کا انتظار کررہی ہیں۔ مندروں کے شہر ایودھیا سے 25 کیلومیٹر دور ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک نیا ہندوستان ہے جو اندرون و بیرون سرحد پار جاکر دہشت گردوں پر ان کی پناہ گاہوں میں ’گھس کر ماریں گے‘۔ وزیراعظم مودی نے سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہوئے دھماکوں کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ 2014ء سے قبل ہمارے ملک میں یہی صورتحال تھی کیا ہم ایودھیا میں ہوئے دھماکے کو بھول سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے دوران اس قسم کے دھماکے بند ہوئے ہیں۔ تاہم وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ دہشت گردی ختم ہوگئی ہے۔ ہمارے پڑوس میں دہشت گردی کی فیاکٹریاں جاری ہیں۔ وہاں (سرحد پار) وہ ایک صنعت ہے اور یہی ان کا کاروبار ہے۔ وہ یہاں ایک کمزور حکومت کے قیام کا انتظار کررہے ہیں۔