دھوکہ دہی کیخلاف کمپنی قانون کو سخت بنانے کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا کہ کمپنی قانون کو سخت ترین بنایا جائے گا تاکہ دھوکہ دینے والی کمپنیوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جاسکے۔ قوانین میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جو کمپنیاں مالیاتی دھوکہ دہی کا ارتکاب کرتی ہے انہیں انتباہ دیا جائے گا۔ لوک سبھا میں تحریری جواب دیتے ہوئے کارپوریٹ امور کے وزیر ارون جیٹلی نے کہا کہ آڈیٹرس سے بھی کہا جائے گا کہ وہ مرکزی حکومت کو رپورٹ داخل کریں تاکہ دھوکہ دہی کا پتہ چلا جاسکے۔ ارون جیٹلی نے اس سوال کے جواب میں منفی ردعمل ظاہر کیا کہ آیا موجودہ کمپنیز لا کو من مانی طریقہ سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں کئی خامیاں پائی جاتی ہیں۔ اس کی وجہ سے کئی کمپنیاں دھوکہ دہی کا ارتکاب کررہی ہے۔ رقم کی غیرقانونی منتقلی اور ایک ملک سے دوسرے ملک کو رقم منتقل کرنے کے معاملہ میں بھی دھوکہ دیا جارہا ہے۔ ماریشیس کے ذریعہ رقمی منتقلی کا کام انجام دیا جارہا ہے۔ کمپنی قانون کے تحت صرف کمپنی ڈائرکٹر کے شناختی نمبر کے ذریعہ ہی رقم منتقل کی جاتی ہے اور یہ شناختی نمبر پتہ کے ثبوت کے ساتھ ہونا چاہئے۔ اب نئے قانون میں رقم کی منتقلی کے لئے عملی جانچ کروائی جائے گی۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ سرکاری پینل نے قانون کو سخت بنانے کیلئے اقدامات شروع کئے ہیں تاکہ دھوکہ دہی کا ارتکاب کرنے والی کمپنیوں کو بخشا نہیں جاسکے۔