دھونی کے تجربے اور ایّر کے جوش کا ہوگا مقابلہ

پونے ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں ٹاپ پر چل رہی چنئی سپر کنگس اور سب سے پھسڈی دلی ڈیئر ڈیولس کے مابین پیر کو ہونے والا مقابلہ ایک ماہر اور تجربہ کار کپتان مہندر سنگھ دھونی اور نوجوان کپتان شریئش ایر کے جوش کا مقابلہ ہوگا۔چنئی کی ٹیم ممبئی انڈینس سے اپنا گزشتہ میچ ہارکر اور دلی کی ٹیم کولکاتا سے اپنا پچھلا میچ جیت کر اس مقابلے میں اتر رہی ہیں۔ چنئی اور دلی کے مابین اس سیشن میں یہ پہلا مقابلہ ہوگا لیکن یہ مقابلہ کافی دلچسپ ہونے والا ہے کیونکہ دلی کی ٹیم اس میچ میں گزشتہ جیت کی وجہ سے نئے جوش و جذبے کے ساتھ اترے گی۔دو بار کے چمپئن دھونی کی ٹیم ممبئی سے ہارنے کے باوجود سات میچوں میں پانچ فتوحات سے 10 پوائنٹ کے ساتھ فہرست میں چوٹی پر قائم ہے ۔ ممبئی کی کل کی فتح کے سبب دلی پھر سے فہرست میں آٹھویں اور آخری مقام پر کھسک گئی ہے ۔ دلی کو پلے آف کی دوڑ میں قائم کرنے کے لئے اپنے باقی کے سات میچوں میں سے کم از کم چھ میچوں میں جیت حاصل کرنی ہوگی جو ایک بہت مشکل کام ہے ۔