دھونی فائنل میں رسائی کیلئے پرامید

چینائی ۔8 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) چینائی سوپرکنگس کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے یہاں کی دھیمی پچ کو بھانپنے میں ناکام رہنے اور غیر ذمہ دارانہ شارٹ کھیلنے پر بیٹسمینوں پر سخت تنقید کی۔ آئی پی ایل 2019 کے پہلے کوالیفائر میں چینائی پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ پر 131 رن ہی بناسکی۔ اس نشانہ کو ممبئی نے 18.3 اوور میں حاصل کرلیا۔ دھونی نے میچ کے بعد ایوارڈ تقریب میں کہا کہ اپنے گھر پر ہمیں حالات کو اچھی طرح سے سمجھنا چاہئے تھا ، ہم چھ سات میچ یہاں پہلے ہی کھیل چکے ہیں اور گھر میں کھیلنے کا فائدہ ہوتا ہے ، ہمیں پتہ ہونا چاہئے تھا کہ پچ کیسی ہوگی۔ اس وکٹ پرگیند بیٹ پر آئے گی یا نہیں ، ہماری بیٹنگ بہتر ہونی چاہئے تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہترین بیٹسمینس ہیں ،جو اچھا کھیل بھی رہے ہیں لیکن کئی مرتبہ ایسے شارٹس کھیلتے ہیں جو نہیں کھیلنے چاہئیں ، ہم نے ان تجربہ کار کھلاڑیوں پر اعتماد کیا جنہیں حالات کا بہتر جائزہ لینا چاہئے تھا ، امید ہے کہ اگلے میچ میں ایسا ہی کریں گے۔ دھونی نے مزید کہا کہ ایسے وقت پر ہارنا صحیح نہیں ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ ہم ٹاپ ٹو میں رہے۔ اب ہمارا سفر تھوڑا لمبا ہوگیا ہے، لیکن خوش قسمتی سے ہمارے پاس دوسرا موقع ہے۔ اب ہم اووردی وکٹ ( سیدھے فائنل میں جانے ) کی بجائے راونڈ دی وکٹ ( دوسرا کوالیفائر کھیل کر ) جائیں گے۔